کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پی ایم ڈی سی کی نجکاری کی سازشوں اور ملازمین کو بیروزگار کرنے کے اقدامات کی پارٹی شدید الفا ظ میں مذمت کرتی ہے اورنجکاری کسی صورت قبول نہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فارم 47کی مسلط حکومت کی جانب سے بیروزگاری میں مزید اضافے اور PMDCجیسے منافع بخش ادارے کی نجکاری کی صورت میں پارٹی عوام کی تائید وحمایت کے ساتھ احتجاج پر مجبور ہوں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی نے گزشتہ دنوں بھی اپنے مرکزی پریس ریلیز میں یہ نشاندہی کی تھی کہ ملک کو دیوالیہ پن کے قریب پہنچادیا گیاہے اور اسے مزید معاشی دھلدل میں پھنسایا جارہا ہے اور وہ وقت دور نہیں کہ حکومتی آمدن کے ذرائع ختم اور فروخت کرنے کے لیے کچھ نہیں بچے گا ۔اور اسی طرح پی آئی اے ، پی ٹی سی ایل ، سٹیل مل کراچی، پاکستان ریلوے اور اب پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (PMDC)کی نجکاری کی جانب بڑھنے کی پارٹی مذمت کرتی ہے ۔ ملک پہلے ہی شدید بحرانوںاور سیاسی عدم استحکام سے دوچار ہیں اور نجکاری کے اقدامات ملک کو مزید بحرانوں کی جانب دھکیلنا ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نجات دلانے، آئین کی بالادستی ،ملک کے تمام اداروں کو آئین کا پابند اور سیاست میں مداخلت سے دور رکھنے، پارلیمنٹ کی خودمختاری، قوموں کی برابری کے حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ موجودہ زروزور کی مسلط حکومت فوری مستعفی ہو اورخودمختار الیکشن کمیشن کے تحت ملک میں از سر نو صاف شفاف انتخابات کا انعقادکیا جائے اور ملک کی تمام سیاسی جمہوری قوم اوروطن دوست پارٹیوں جمہوریت پسند قوتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا مثبت وتعمیری کردار ادا کرے۔