|

وقتِ اشاعت :   January 3 – 2026

کوئٹہ: سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات کاکڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنک اور گرین بس سروس منصوبہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق چل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ کے لیے 21 نئی بسیں لائی گئی ہیں جن میں خواتین کے لیے 5 پنک بسیں مختص کی گئی ہیں۔

 

گرین بس میں خواتین اور مرد ایک ساتھ سفر کرتے تھے، تاہم خواتین کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پنک بس سروس شروع کی گئی ہے جو بلیلی سے جامعہ بلوچستان سریاب تک چلائی جائے گی۔ پنک بس میں کرایہ وصول کرنے کے لیے خاتون تعینات ہوگی اور کوشش ہے کہ ڈرائیور بھی خاتون ہو۔ حیات کاکڑ کے مطابق بسوں میں روزانہ 10 ہزار سے زائد مسافر سفر کریں گے، جبکہ گرین اور پنک بس سروس کے روٹس بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ پنک بس سروس منصوبے میں توسیع کی جائے گی اور روٹس مسافروں کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیے جائیں گے۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ تربت، گوادر، خضدار، ڈیرہ بگٹی اور سوئی میں بھی گرین اور پنک بس سروس شروع کی جائے گی، بس اسٹاپس پر مرد و خواتین کے لیے الگ الگ بیٹھنے کے پوائنٹس بنائے جائیں گے، جبکہ کوئٹہ میں پیپلز ٹرین سروس کا جلد افتتاح ہوگا جو سریاب سے کچلاک تک چلائی جائے گی۔