وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سوئی ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، منیجنگ ڈائریکٹر پی پی ایل سکندر میمن، رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی زوہیب الحق، چیئرمین میونسپل کمیٹی عزت امان بگٹی اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سوئی ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان کے تحت سوئی ٹاؤن میں انٹرنل ڈویلپمنٹ اور شہری خوبصورتی کے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جن میں اسٹریٹ لائٹس، نکاسیٔ آب، فراہمیٔ آب، اسپورٹس گراؤنڈ اور بس ٹرمینل کی تعمیر شامل ہوگی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سوئی ماسٹر پلان پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا اور پی پی ایل معاہدے کے مطابق اپنے حصے کے وسائل فراہم کرے گی۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد مقامی آبادی کو جدید شہری سہولیات فراہم کرنا اور معیارِ زندگی بہتر بنانا ہے، حکومت بلوچستان سوئی کو ایک منظم، خوبصورت اور پائیدار شہر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، منصوبہ بندی کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ رکھا جا رہا ہے اور ڈویلپمنٹ منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوئی کی ترقی سے نہ صرف مقامی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔