گوادر/اورماڑہ: مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب پیش آنے والے مسافر بس حادثے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ رابطے کے دوران حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کی حالت اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے احکامات پر اوماڑہ بس حادثے میں شدید زخمی مسافروں کو فوری طور پر کراچی کے نجی اسپتالوں میں ایئر لفٹ کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے ڈپٹی کمشنر گوادر اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کی فوری منتقلی اور تمام انتظامی امور بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ خان کے مطابق مسافر بس حادثے میں زخمی ہونے والے تمام مسافروں کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔