کوئٹہ: بلوچستان میں سال 2026 کی پہلی انسداد پولیو مہم 2 فروری سے شروع ہوگی۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے حکام کے مطابق 7 روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران صوبے بھر میں 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے تمام اضلاع میں تیاریاں جاری ہیں۔
ای او سی کوآرڈینیٹر انعام الحق کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ سال پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جو ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دسمبر 2025 کے دوران پولیو کے ماحولیاتی نمونوں کے نتائج بھی مثبت سامنے آئے ہیں، جہاں 23 میں سے صرف 2 مقامات کے نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی۔
انعام الحق کے مطابق اس وقت بلوچستان کے 93 فیصد علاقوں کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس موجود نہیں، جبکہ دسمبر 2024 میں 96 فیصد مقامات پر وائرس پایا گیا تھا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ انسداد پولیو مہمات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے والدین کا تعاون ناگزیر ہے اور انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔