دکی: بلوچستان کے ضلع دکی میں چوروں نے اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر کو نشانہ بناتے ہوئے وہاں قائم سرکاری مال خانے کا صفایا کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق نامعلوم چور اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں واقع مال خانے کی کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہوئے اور وہاں ثبوت کے طور پر رکھی گئی 233 کلو افیون اور 37 کلو چرس چرا کر فرار ہو گئے۔ چوری کی گئی منشیات کی کل مقدار 270 کلو گرام بنتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چوری ہونے والی یہ منشیات لیویز فورس نے مختلف کارروائیوں اور چھاپوں کے دوران قبضے میں لی تھی، اور اس منشیات سے متعلق مقدمات تاحال عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ مقدمات کے دوران مال مقدمہ (Case Property) کی چوری نے سیکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ایس ایچ او دکی فرمان علی کھوسہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ منشیات کی چوری کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔