کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع ہرنائی میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 41 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کی ہلاکت اور بھاری ہتھیاروں و گولہ بارود کی برآمدگی کو فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ کارکردگی اور مستعدی کا واضح ثبوت قرار دیا ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام، دہشت گردی کے مکمل خاتمے، کرپشن کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور میرٹوکریسی کے فروغ کے لیے حکومت سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے
انہوں نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر بلا امتیاز عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور ریاست دشمن عناصر کے لیے بلوچستان کی سرزمین تنگ کی جا چکی ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جاری بھرپور کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ریاست پوری قوت کے ساتھ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور استحکام کو سبوتاڑ کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سیکورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے فورسز کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں اور پوری قوم ان کی جرات، بہادری اور خدمات کو سلام پیش کرتی ہے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں قانون کی بالادستی، عوامی تحفظ اور ترقیاتی عمل کے تسلسل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی