کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میر فرید رئیسانی نے سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے حالیہ دو کامیاب کارروائیوں میں 41 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر میں پاکستان کی بہادر افواج، قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلیجنس اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں یہ کارروائیاں نہ صرف پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہیں بلکہ اس عزم کا بھی ثبوت ہیں کہ ریاست پاکستان اپنی سرزمین پر بدامنی پھیلانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے یہ دہشتگرد عناصر بیرونی آقاوں کے ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے بلوچستان کے امن، ترقی اور استحکام کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔
مگر سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور موثر کارروائیوں نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان دشمن نیٹ ورکس، چاہے وہ کسی بھی نام سے کام کریں، اب بلوچستان میں چھپنے کی جگہ نہیں پا سکیں گے۔فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے عناصر دراصل اس خطے میں انتشار اور خوف کی فضا قائم کر کے اپنے آقاوں کو خوش کرنا چاہتے ہیں، مگر بلوچستان کے محب وطن عوام ان کے ناپاک عزائم کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔
یہ سرزمین امن پسند قبائل، محنت کش عوام اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کی ہے، نہ کہ دہشتگردوں کی پناہ گاہ۔میں اس موقع پر ان جوانوں کی قربانیوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جو دن رات اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر وطن عزیز کا دفاع کر رہے ہیں۔ پوری قوم کو اپنی سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے ان شا اللہ دشمن کی ہر سازش اسی طرح ناکام بنائی جاتی رہے گی اور بلوچستان امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر مزید آگے بڑھے گا۔