بلوچستان میں غیر فعال سرکاری اسکولوں کی بحالی میں تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مطابق ضلع گوادر صوبے بھر میں سبقت لے گیا ہے جہاں اب کوئی بھی سرکاری اسکول غیر فعال نہیں رہا۔
محکمہ تعلیم بلوچستان کے حکام نے تحریری طور پر تصدیق کر دی ہے کہ گوادر میں کوئی اسکول بند نہیں جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے تمام اسکولوں کی فعالیت کا باقاعدہ سرٹیفکیٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ضلع گوادر بلوچستان کا پہلا ضلع بن گیا ہے جہاں 313 سرکاری پرائمری، مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکول مکمل طور پر فعال ہیں۔
انہوں نے ضلع گوادر کی انتظامیہ اور تعلیمی حکام کو شاباش دیتے ہوئے ان کی محنت و کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور بلوچستان کی عوام سے وعدہ کیا کہ بہت جلد صوبے میں کوئی اسکول بند نہیں ہوگا اور کوئی بچہ اسکول سے باہر نہیں رہے گا۔