وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے مشیر نے دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں چند مقامات پر شدت پسندوں نے حملوں کی کوشش کی ہے جسے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ناکام بنا دیا ہے جبکہ دوسری جانب کوئٹہ شہر میں دھماکوں اور فائرنگ کے بعد ریڈ زون کو سیل کر دیا گیا ہے۔
’گذشتہ دو روز میں بلوچستان میں مختلف مقامات پر 70 سے زائد دہشت گردوں کے مارے جانے کے بعد بلوچستان میں چند مقامات پر دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی ہے جس کو پولیس اور ایف سی نے بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دیا ہے۔‘
اس وقت بھاگنے والے شدت پسندوں کا تعاقب جاری ہے اور مزید تفصیلات بہت جلد سامنے لائی جائیں گی۔
کوئٹہ شہر میں دھماکوں اور فائرنگ کے بعد ریڈ زون کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ سول سیکریٹیریٹ اور عدالتوں سمیت سرکاری دفاتر میں سرگرمیاں روک دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے شہر مستونگ میں جیل پر حملے کے نتیجے میں متعدد قیدیوں کے فرار ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
بلوچستان کے شہر مچھ میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے مساجد سے اعلانات کروائے گئے کہ امن وامان کی صورتحال کے باعث لوگ اپنے گھروں سے نہ نکلیں۔
خیال رہے کہ آج صبح سے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات کی اطلاعات ہیں۔