کوئٹہ: اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے صوبے کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے منصوبوں کو ناکام بنانے پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
دشمن بوکھلاہٹ کا شکار ہے اپنے ایک بیان میں اسپیکر نے کہا کہ دہشت گردوں کا بیک وقت مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے کا مقصد صوبے میں خوف و ہراس پھیلانا تھا، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن سے کھیلنے والوں کے لیے یہاں کوئی گنجائش نہیں، دشمن عناصر اب بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔
فورسز کی جرات کو سلام عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے غیر معمولی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے واقعات میں سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، پوری قوم لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔
سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی مذمت اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان خراب کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے حکومت اور سکیورٹی ادارے مکمل ہم آہنگی سے کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے کی ترقی اور استحکام کے سفر کو دہشت گردی کے ذریعے نہیں روکا جا سکتا۔