کوئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی پاکستان کے ہر شہری کے دل کی آواز ہے۔ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر، ریاستی دہشتگردی، کرفیو، جبری گمشدگیوں اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا سامنا کر رہے ہیں، مگر اس کے باوجود ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے خواتین، بچوں اور بزرگوں تک کو ظلم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو عالمی ضمیر کے لیے ایک کھلا چیلنج ہے۔
اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلائے۔حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر عالمی فورم پر بھرپور انداز میں جاری رکھی جائے گی۔ پاکستان کی عوام، افواج اور قیادت کشمیری بھائیوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ظلم و جبر کا یہ نظام زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتا۔ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔