وڈھ: جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ میر شفیق الرحمٰن مینگل نے 05 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں کشمیری عوام کے ساتھ اپنے غیر متزلزل عزم، اخلاقی حمایت اور دلی یکجہتی کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان کا ہر فرد، ہر طبقہ، اور ہر آواز کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے اور معصوم کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم، جبر، ریاستی تشدد اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ کشمیری عوام کی یہ جدوجہد کسی فرد یا خطے کی نہیں بلکہ انسانیت، انصاف اور آزادی کی جدوجہد ہے، جسے طاقت کے بل پر دبایا نہیں جا سکتا۔میر شفیق الرحمٰن مینگل نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں، ثابت قدمی اور حوصلہ اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ حق کی آواز کو زیادہ دیر تک خاموش نہیں رکھا جا سکتا۔ اقوامِ متحدہ کی قراردادیں آج بھی کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، یعنی حقِ خودارادیت، فراہم کرنے کی ذمہ دار ہیں، مگر افسوس کہ عالمی برادری کی خاموشی کشمیریوں کے زخموں کو مزید گہرا کر رہی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا، اور ہر عالمی فورم پر کشمیر کے مسئلے کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔ مسئلہ? کشمیر کا حل خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے، اور اس کے بغیر جنوبی ایشیا میں دیرپا استحکام ممکن نہیں۔آخر میں میر شفیق الرحمٰن مینگل نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم سب کو ذاتی، سماجی اور قومی سطح پر کشمیری عوام کے ساتھ اپنی وابستگی کو عملی شکل دینی ہوگی، اور اس جدوجہد کو آنے والی نسلوں تک زندہ رکھنا ہوگا، تاکہ وہ دن ضرور آئے جب کشمیر کے باسی آزادی کی صبح دیکھ سکیں۔