بلوچستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔
سعودی شہزادہ منصور بن محمد آل سعود اور بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی زیر صدارت بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ۔ اجلاس میں دوطرفہ سرمایہ کاری، سرمایہ کاروں کے لیے مختلف شعبوں میں مواقع اور پاکستان و سعودی عرب کے مابین معاشی و تجارتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سعودی سرمایہ کاروں نے توانائی، معدنیات، زراعت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
اس موقع پر وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع رکھتا ہے، جبکہ سعودی سرمایہ کاروں کو مکمل سہولیات، ون ونڈو آپریشن اور ادارہ جاتی تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دے رہی ہے اور صوبے میں توانائی، معدنیات، زراعت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔