کوئٹہ:حکومتِ بلوچستان کی انتظامیہ اور ورلڈبنک کے اعلیٰ سطحی وفد کے درمیان ایک اہم اجلاس اسلام آبادمیں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیف سیکرٹری بلوچستان نے کی جبکہ عالمی بینک کے وفد کی قیادت محترمہBoloorma Amgabazaar نے کی۔ ملاقات میں بلوچستان میں پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے جاری شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں عالمی بینک کے تعاون سے صوبے میں جاری ترقیاتی پروگراموں کی پیش رفت کا جامع جائزہ لیا گیا۔ دونوں جانب سے موجودہ منصوبوں کی کارکردگی، عملدرآمد میں درپیش چیلنجز اور ان کے اثرات و افادیت کو بہتر بنانے کے امکانات پر غور کیا گیا۔چیف سیکرٹری بلوچستان نے صوبے میں سماجی و معاشی ترقی کو تیز کرنے کے حکومتی عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی بہتری، عوامی خدمات کی مؤثر فراہمی، معاشی مواقع کے فروغ اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔
انہوں نے عالمی بینک کی مسلسل مالی و تکنیکی معاونت کو سراہتے ہوئے اسے صوبے کے اہم شعبوں کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔محترمہ بولورما امگابازار نے بلوچستان کی ترقیاتی ترجیحات میں تعاون جاری رکھنے کے عالمی بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے مؤثر نفاذ میں صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شفافیت، مشترکہ منصوبہ بندی اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ پائیدار نتائج حاصل کیے جا سکیں۔اجلاس میں مستقبل کے لیے اہم شعبوں کی نشاندہی بھی کی گئی جن میں حکمرانی کے نظام کو مضبوط بنانا، معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی میں توسیع، آبی وسائل کے بہتر انتظام، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ اور خصوصاً پسماندہ و دور دراز علاقوں میں جامع معاشی ترقی کو فروغ دینا شامل ہیں۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ باہمی رابطہ مزید مؤثر بنایا جائے گا
منصوبوں پر عملدرآمد کو تیز کیا جائے گا اور بلوچستان کے طویل المدتی ترقیاتی اہداف کے مطابق تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔ اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ دونوں جانب کی تکنیکی ٹیمیں مشاورت کا سلسلہ جاری رکھیں گی تاکہ ترجیحی منصوبوں کو عملی پروگراموں اور قابلِ پیمائش نتائج میں تبدیل کیا جا سکے۔یہ ملاقات حکومتِ بلوچستان اور عالمی بینک کے درمیان اس مشترکہ عزم کی عکاس ہے کہ صوبے میں پائیدار ترقی، بہتر طرزِ زندگی اور ہمہ گیر خوشحالی کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
Leave a Reply