وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینا خورشید عالم کی ملاقات میں بلوچستان کو درپیش موسمیاتی چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ وفاق اور صوبے کے درمیان ماحولیاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک بڑا چیلنج ہے اور بلوچستان حکومت دیرپا حکمت عملی پر کام کر رہی ہے، صوبے کو ماحولیاتی آفات سے محفوظ بنانے کے لیے جامع پالیسی اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں، اور اسی سلسلے میں بلوچستان میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پہلا کلائمیٹ فنڈ قائم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں بلوچستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے مگر اثرات سب سے زیادہ صوبہ ہی برداشت کر رہا ہے۔ کوآرڈینیٹر وزیر اعظم رومینا خورشید عالم نے اس موقع پر کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت بلوچستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے، میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت کے اقدامات قابل تحسین ہیں، اور خواتین و پسماندہ طبقات کو بھی کلائمٹ چینج پالیسی کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ جامع اور مؤثر حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔
Leave a Reply