|

وقتِ اشاعت :   2 hours پہلے

کوئٹہ :نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55روپے فی لیٹر اضافے کے حکومتی فیصلے کو افسوسناک اور عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا اور عوام کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔اپنے جاری کردہ بیان میں میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت 55روپے فی لیٹر تک اضافہ عوام دشمن اقدام ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ جو پیٹرول اور ڈیزل اس وقت ملک میں دستیاب ہے وہ پرانی قیمتوں پر خریدا گیا تھا، اس کے باوجود حکومت کی جانب سے اچانک اتنا بڑا اضافہ کرنا عوام پر مہنگائی کا بم گرانے کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پہلے ہی پیٹرولیم مصنوعات پر فی لیٹر تقریبا 100روپے تک مختلف ٹیکسز اور لیوی وصول کر رہی ہے، ایسے حالات میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید بوجھ ڈالنا انتہائی افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔میر رحمت صالح بلوچ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس بے تحاشہ اضافے سے مہنگائی کی ایک نئی لہر آئے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ اس اضافے کا براہ راست اثر عام شہری، مزدور، کسان اور متوسط طبقے پر پڑے گا جبکہ ٹرانسپورٹ، خوراک اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں بھی مزید اضافہ متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی اور معاشی مشکلات کا شکار عوام کی زندگی اس فیصلے کے بعد مزید اجیرن ہو جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *