|

وقتِ اشاعت :   2 hours پہلے

کوئٹہ :ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سابق صوبائی وزیر خزانہ امجد رشید کی قیادت میں چینی سرمایہ کار کمپنی چانگ جیانگ انڈسٹریز (SMC-Private) Limited کے چیئرمین ژانگ یانگ نے اپنے وفد کے ہمراہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی کوئٹہ میں واقع رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان میں چینی کمپنیوں کی جانب سے ممکنہ سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور پاک چین اقتصادی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

وفد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چینی کمپنیاں آئندہ پانچ برسوں کے دوران پاکستان خصوصاً بلوچستان میں صنعت، معدنیات، زراعت، ٹرانسپورٹ، سیاحت اور دیگر معاشی شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

 

بریفنگ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں مینوفیکچرنگ کے شعبے میں تقریباً 2.6 ارب امریکی ڈالر جبکہ معدنیات کے شعبے میں 14 ملین امریکی ڈالر کی ابتدائی سرمایہ کاری متوقع ہے جس سے بلوچستان میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور مقامی سطح پر روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔وفد نے مزید بتایا کہ منصوبے کے مختلف مراحل میں مزید چینی کمپنیوں کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی تاکہ صوبے میں صنعتی اور معاشی سرگرمیوں کو تیز کیا جا سکے اور مقامی معیشت کو مستحکم بنایا جا سکے۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بلوچستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کرنے پر چینی کمپنیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل، معدنیات اور توانائی کے وسیع ذخائر سے مالا مال خطہ ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ریکوڈک جیسے عالمی سطح کے معدنی منصوبے اور دیگر قدرتی ذخائر اس بات کی واضح مثال ہیں کہ بلوچستان سرمایہ کاری کے لیے انتہائی موزوں خطہ ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات، کان کنی، زراعت، سیاحت، توانائی اور صنعت کے شعبوں میں غیر معمولی مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین اقتصادی تعاون اور سی پیک جیسے منصوبے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی کمپنیوں کی بلوچستان میں سرمایہ کاری سے صوبے میں صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا، مقامی افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور علاقائی معیشت مستحکم ہوگی۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کر رہی ہے اور سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ وہ سرمایہ کاری کے لیے دستیاب ادارہ جاتی سہولتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ملاقات کے دوران دونوں جانب سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ، معدنی وسائل کے مؤثر استعمال اور پاک چین اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے مختلف تجاویز اور امکانات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *