کوئٹہ میں ایس ایس پی سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ ڈاکٹر سمیع ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں قتل کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ نواں کلی میں قتل ہونے والی خاتون کے کیس میں ملزمان سے مسروقہ رقم اور زیورات بھی برآمد کیے گئے، جبکہ ایک اور واقعے میں 80 سالہ خاتون کو گھر میں قتل کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیم نے 11 مقدمات میں مطلوب 10 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے آلہ قتل برآمد کیا ہے۔ پولیس کی وردی میں ڈکیتی کرنے والے گروہ کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ تھانہ قائد آباد کی حدود میں خاتون کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزم کو بھی پکڑا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ بروری تھانے کی حدود میں ہونے والی ایک اور ڈکیتی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ساڑھے 11 کروڑ روپے کی ڈکیتی میں ملوث ملزمان سے بڑی رقم برآمد کی گئی ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق عدالتوں سے ملزمان کو سزائیں دلوانے کے لیے ایک علیحدہ ٹیم کام کر رہی ہے جس کی کارکردگی کے نتیجے میں 60 فیصد ملزمان کو سزائیں ہو چکی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی اور حیدرآباد سے گاڑیاں چوری کرنے والے گروہ کا نیٹ ورک توڑ کر 21 گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں، جبکہ گاڑیاں چھیننے والے ایک اور گروہ سے 6 گاڑیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
Leave a Reply