|

وقتِ اشاعت :   October 27 – 2018

چاغی: بی این پی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر و ایم این اے رخشان ڈویژن حاجی میر محمد ہاشم نوتیزی نے اپنے ایک بیان میں چاغی نوشکی خاران میں شدید قحط سالی کو المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل بارشوں کے نہ ہونے کی وجہ سے قحط سالی میں اضافہ ہوا ہے لوگوں کے ہزاروں مال مویشی مرگئے زمین کا پانی کافی نیچے کی سطح پر گر چکاہے جس سے کہی دیہاتوں کے سینکڑوں کنووں کے پانی خشک ہوگیا اور لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوچکے ہیں ۔

قحط سالی کے سببِ کہی نقصانات جنم لے رہے ہیں پانی کا نیچے کی سطح پر گرنے سے زمینداروں کو کافی نقصانات اٹھانا پڑا مال مویشی ہزاروں کی تعداد میں مرگئے اب محکمہ پی ڈی ایم اے کی طرف سے چالیس ٹرک راشن متاثرین کیلئے انتہائی ناکافی ہیں بلکہ صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے ضلع چاغی میں شدید قحط سالی کے پیش نظر ایمرجنسی بنیادوں پر امدادی راشن میں اضافہ کریں اور قحط سالی سے متاثرہ علاقوں میں سروے کرکے رپورٹ مرتب کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے حکام متاثرین کے راشن کو حقداروں تک بہتر انداز میں پہنچانے کیلئے علاقے کے بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے انہیں تقسیم کریں تاکہ اس میں حقدار کو ان کا حق مل سکے اور کسی کی حق تلفی نہ ہو ۔

چاغی کے علاوہ ڈسٹرکٹ نوشکی کے علاقے انابوستان ڈاک خاران کے علاقے یونین کونسل راسکوہ و آس پاس کے علاقے بھی شدید متاثر ہیں جن کے متاثرین کو فوری طور پر امداد مہیا کی جائے اور تدارک کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔