لاہور: پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم کی فروخت کے لیے اشتہار جاری کردیا گیا۔
پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کی فروخت کے لیے اشتہار جاری کردیاگیا، بڈز 18 دسمبر کو وصول کرنے کے بعد اسی روز کھولی جائیں گی۔ واجبات کی عدم ادائیگی پر ملتان سلطانز کا معاہدہ ختم کرکے ملکیت پی سی بی نے اپنے پاس رکھ لی تھی، فرنچائز کو چھٹی ٹیم کا نام دے دیا گیا تھا۔
اسلام آباد میں 20 نومبر کو ہونے والے ڈرافٹ میں کھلاڑیوں کا انتخاب بھی پی سی بی کی جانب سے بنائے جانے والے پینل نے کیا، نئے مالک کی تلاش کے لیے اب بڈز کا عمل شروع ہو رہا ہے، بورڈ کی جانب سے جاری کیے جانے والے اشتہار کے مطابق متعلقہ دستاویزات 14 دسمبر تک مفت حاصل کی جاسکیں گی، جب کہ کاغذات 18 دسمبر تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جمع کروائے جائیں گے۔ ٹیکنیکل پروپوزل اسی روز کھولی جائیں گی، کوالیفائی کرنے والے امیدواروں کو فنانشل بڈز میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی، یہ کارروائی بھی 18 دسمبر کو ہی مکمل کرلی جائے گی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین بھی چھٹی ٹیم خریدنے کے خواہاں ہیں، فرنچائز کو نیا نام دینے کا استحقاق نئے مالک کا ہوگا۔