تربت: بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما امیدوار پی بی47لالہ رشید دشتی نے اپنی رہائش گاہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کامیابی دلانے پر حلقہ کے عوام، سیاسی کارکنان ،رند فیملی سمیت تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اسے ووٹ کیا ۔
انہوں نے کہاکہ مخالفین کی جانب سے من پسند نتیجہ کے لیئے منفی پروپیگنڈہ کے باوجود عوام نے ان کا ساتھ دینے کے بجائے حق ااور انصاف کا ساتھ دے کر ہمیں سرخرو کیا، ہماری کامیابی کا سہرا قائد مکران میر محمد علی رند، میڈم زبیدہ جلال سمیت ان شخصیات کے سر جاتا ہے جنہوں نے بھر پور جدوجہد کر کے ہر مرحلے پر ہمارا ساتھ دیااور ان امیدواروں کو بھی یہ کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے ہمارے حق میں دستبرداری دی تھی۔
انہوں نے کہاکہ رات تک آمدہ نتایج کے مطابق یوسی گوکدان، یوسی سنگئی اور یوسی کھڈان اور بل نگور میں ان کی لیڈ زیادہ تھی صرف مند کے پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ آنا باقی تھا جبکہ مند کے تمام پولنگ ہمارے ووٹ بنک تھے ، مگر مخالفین نے رات کو رزلٹ سے پہلے ہی گھبراہٹ میں اپنی جیت کااعلان کیا جو حٰران کن نہیں بلکہ ان کی واضح شکست کا اعلان تھا۔
انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے شام تک مکمل رزلٹ ہونے اور اعلان کرنے کا کہا ہے کیوں کہ مند سے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ رات دیر ہونے کی وجہ سے آر او کے آفس نہیں پہنچا تھا ۔
انہوں نے کہاکہ مخالفین کی جانب سے نتیجہ آنے سے قبل پہلے دھاندلی، پھر پولنگ اسٹیشنز تبدیلی کا جھوٹ ور بعد میں اپنی کامیابی کا خود ساختہ اعلان ان کی بوکھلاہٹ کے سوا کچھ نہیں کیوں کہ ایک پارٹی کی جانب سے الیکشن سے قبل ہی دھاندلی کا الزام لگانے کے بعد اچانک یوٹرن لے کر پولنگ اسٹیشنز کی تبدیلی کا غلط پروپیگنڈہ کرنا اور بعد ازاں وقت سے پہلے ہی اپنی کامیابی کااعلان یہ ثابت کرتے ہیں کہ وہ انتخابی نتیجہ سے خوف ذدہ ہیں اور فرار کی راہیں ڑھونڈ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بی این پی کی جانب سے بار بار اپنے موقف میں تبدیلی اور نتائج آنے سے قبل کامیابی کااعلان دراصل شکست کا اعلان ہے کیوں کہ اس کے زریعے وہ ایک منفی تاثر پھیلا کر پہلے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش میں تھے مگر عوام نے جب انہیں مسترد کردیا تو انہوں نے بوکھلاہٹ میں اپنی کامیابی کا اعلان کیا تاکہ اس کا سہارا لے کر انتخابی نتائج کے حوالے سے ابہام پیدا کرسکیں اور اپنی خفت مٹانے کے لیئے احتجاج کا طریقہ ڑھونڈ سکیں۔
انہوں نے کہاکہ میری جیت یہاں کے غریب اور محنت کش عوام کی جیت ہے،اس جیت کا سہرا تمام ٖغریب عوام باالخصوص میر محمد علی رند، میڈم زبیدہ جلال، میر رؤف رند، حاجی اکبر آسکانی، میر ظہور بلیدی کے ساتھ ساتھ میرے کمیٹڈ ورکروں کو جاتا ہے جنہوں نے ہر طرح کے کھٹن اور مشکل حالات کا مردانہ مقابلہ کیا۔
پریس کانفرنس سے بی اے پی کے مرکزی نائب صدر میر عبدالرؤف رند نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ سوشل میڈیا کا تیز تریں دور ہے اب جھوٹ اور عوام کو دھوکہ دینے کا وقت نہیں ہے ، پل پل کی خبریں عوام تک پہنچ سکتی ہیں۔
، جن لوگوں نے الیکشن سے پہلے دھاندلی کا الزا م لگایا تھا اچانک الیکشن کی رات پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ آنے سے پہلے ہی اپنی کامیابی اعلان کرڈالا اسے صاف ظاہر ہوا کہ مخالفین محض پروپیگنڈہ کے زور پر غلط تاثر پھیلانے کی کوشش کر کے ہمدردی حاصل کرنا چاہتے تھے جو ناکام ہوئے کیوں کہ عوام نے نا صرف انہیں الیکشن میں مسترد کردیا بلکہ ان ککے منفی پروپیگنڈہ پر اثر نا لیا۔
انہوں نے کہاکہ 25جولائی کی شاندار کامیابی کے بعد6دسمبر کی بھر پور کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ میر محمد علی رند کی سیاست ابھی تک لوگوں کے دلوں میں ہے۔
مخالفین نے مکمل رزلٹ آنے سے پہلے ہی گھبراہٹ میں اپنی جیت کااعلان کیا ، بی اے پی
وقتِ اشاعت : December 8 – 2018