نوکنڈی : ایران میں آج سے شروع ہونیوالے پاک ایران سرحدی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستانی حکام کا اعلیٰ وفد چیف سیکریٹری بلوچستان کی قیادت میں ایران روانہ ہوگیا۔
اتوار کو وفد چیف سیکرٹری بلوچستان اخترنذیر کی قیادت میں بلوچستان کے سرحدی ضلع چاغی کے صدر مقام دالبندین پہنچے تو صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمدحسنی نے اپنی رہائش گاہ پر ان کا استقبال کیا جہاں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی بھی دی۔
وفد میں صوبائی سیکرٹری داخلہ حیدر علی شکوہ، صوبائی سیکرٹری خزانہ نورالامین مینگل، آئی جی بلوچستان پولیس محسن حسن بٹ، ایڈیشنل آئی جی پولیس چوہدری منظور سرور، زاہدان میں پاکستانی قونصل جنرل محمد رفیع، ڈپٹی کمشنر نوشکی عبدالرزاق ساسولی، ڈپٹی کمشنر واشک عمران ابراہیم، ڈپٹی کمشنر پنجگور مسعود رند، ڈپٹی کمشنر گوادر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈپٹی کمشنر کیچ میجر ریٹائرڈ بشیر احمد کے علاوہ پاک فوج، فرنٹیئر کور، ایف آئی اے، پاکستان کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس فورس، سروے آف پاکستان، پاکستان کوسٹ گارڈز اور وفاقی وزارت داخلہ کے حکام بھی شامل ہیں۔
اجلاس کے دوران دو طرفہ تجارت ،سرحد پر سیکورٹی معاملات، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے تدارک، امیگریشن ،ایرانی بارڈر فورسز کے اہلکاروں کے اغواء ، ایرانی فورسز کی جانب سے سرحدی کی خلاف ورزی سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور زیر غور آئیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ معاملات پر بنائے گئے اس کمیشن کا اجلاس ہر چھ ماہ بات منعقد کیا جاتا ہے اور اب تک اس کے بیس سے زائد اجلاس ہوچکے ہیں۔
پاک ایران سرحدی کمیشن کا اجلاس آج ہوگا
وقتِ اشاعت : December 10 – 2018