|

وقتِ اشاعت :   December 16 – 2018

خضدار: خضدار تین ارب روپے کی لاگت سے شہید سکندر یونیورسٹی پائیہ تکمیل کی جانب گامزن، ایس ایس یونیورسٹی جھالاوان میں نئے باب کا اضافہ ہے ،،نئی نسل کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے تعلیمی اس بڑے پراجیکٹ کامنصوبہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے دی تھی ، جس پر پینتالیس فیصد تعمیراتی منصوبہ مکمل ہوچکا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وادی خضدار ہلوائی پہاڑکے دامن میں ایک بڑا تعلیمی منصوبہ شہید سکندر زہری یونیورسٹی کے نام سے بن رہاہے، تین ارب روپے کی خطیر رقم سے بننے والی اس یونیورسٹی میں بائیس بلاکس بننے ہیں جن میں سے 14بلاکس پر تیزی کے ساتھ کام جاری ہے ، جس میں ایڈمن بلاک اور تین بڑے اکیڈمک بلاکس ہیں ، اس کے علاوہ ہاسٹل بلاکس ، باؤنڈری وال سمیت دیگر منصوبوں پر تعمیرات کا سلسلہ تیزی کے ساتھ جاری ہے ۔

شہید سکندرزہری یونیورسٹی خضدار کے بارے میں شہید سکند رزہری یونیورسٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر حاجی رحمت اللہ زہری ،ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر وسیم حیدربلوچ، آرکیٹیسٹ محمد علی ، اسسٹنٹ انجینئر منظور احمد زہری ، اسسٹنٹ انجینئر بیبرگ زہری ،اسسٹنٹ انجینئر نادر بابئی ،انجینئر الطاف کرد ودیگر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے الگ الگ بیانات میں کہاکہ شہید سکندر زہری یونیورسٹی ایک بڑا تعلیمی پراجیکٹ ہے ۔

اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف خضدار جھالاوان بلکہ پورے بلوچستان میں نئے تعلیمی باب کا اضافہ ہوگا ، خضدار کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ صوبائی دارلحکومت کوئٹہ کے بعدیہ ضلع تعلیمی زون یعنی یونیورسٹیز اور کالجز کے مرکز کی حیثیت اختیار کرتا جارہاہے ۔

یہ ہمارئی نئی نسل کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں ان کے اپنے گھر یعنی اپنے ہی دہلیز پر تعلیم کے مواقع و سہولیات میسر ہیں اور مستقبل میں مذی سہولیات میسر آئینگی ۔ شہید سکندر زہری یونیورسٹی کا منصوبہ تعلیمی لحاظ سے اس پورے ریجن میں تعلیمی انقلاب برپاکرنے میں کار کرثابت ہوگا ۔

پروجیکٹ ڈپٹی ڈائریکٹر وسیم حیدر بلوچ کا کہنا تھا کہ اگلے سال جون تک ہم اکیڈمک بلاکس میں سے ایک اکیڈمک بلاک ، ایڈمن بلاک ، ایک ہاسٹل بلاک اور ایک گرلز ہاسٹل بلاک کی پوزیشن دے سکتے ہیں یعنی ان کی تعمیراتی کام مکمل کرسکتے ہیں ۔

چونکہ آگے چل کر ہمیں فنڈز کی قلّت کا سامنا ہوگا ، ہم صوبائی حکومت سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اس تعلیمی منصوبے کو ترجیحات میں شامل کرکے مقررہ مدت میں اس کی تکمیل کے لئے خصوصی دلچسپی لیں ،جب تمام ترفنڈز دستیاب ہوں گے تو ہم وقتِ مقررہ پر اس پراجیکٹ کو مکمل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔

اس کی ساری ڈیزائن ایچ ای سی سے ہوچکی ہے اور صوبائی سطح پر اس منصوبے کی اپنی ایک کمیٹی قائم ہے ۔اسٹیڈنگ کمیٹیز میں شہید سکندر یونیورسٹی خضدار کے مسئلے کو ہم نے اٹھایا ہے ،آج ہائر ایجوکیشن سیکریٹری نے اس منصوبے و مقام کا معائنہ کیا ، الحمد اللہ جس میں ہم نے پینتا لیس فیصد اپنا تعمیراتی ہدف مکمل کرلیا ۔

جب کہ فنڈز کی قلت کی وجہ سے ہم بقایارہ جانے والے تعمیراتی ہدف سے پیچھے ہیں۔ آرکیٹیسٹ محمد علی کا کہنا تھا کہ شہید سکندر یونیورسٹی خضدار بلوچستان کی تعلیمی سلسلے میں ایک اور اضافہ ہے ، اس کا ڈیزائن عالمی معیار کے مطابق بنایا گیا ہے ، ہمارے جو فیکلٹیز ہیں فیکلٹی آف سائنس فیکلٹی آف آرٹسٹ ، فیکلٹی آف لینگویجز ہیں وہ ہم اس ادارے میں اسٹارٹ کرنے والے ہیں ۔

یہ منصوبہ اپنی تکمیل کی جانب گامز ہے ،یہ یونیورسٹی اہل بلوچستان کے لئے نیا اضافہ اور تعلیمی خوشخبری ہے تعلیمی انقلاب ثابت ہوگی۔یاد رہے کہ شہید سکندر یونیورسٹی خضدار کی سوچ ،پلان اور اس کے لئے فنڈز سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے دی تھی ۔ اور اس منصوبے پر تیزی کے ساتھ کام جاری ہے ۔