ڈھاکا: بنگلادیش کے ون ڈے کپتان مشرفی مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ وہ چاہ کر بھی عمران خان جیسا مقام حاصل نہیں کرسکتے۔
مشرفی مرتضیٰ اس مرتبہ قومی انتخابات میں حکمران عوامی لیگ کی جانب سے حصہ لے رہے ہیں، انھوں نے سابق عظیم کرکٹر اور موجودہ پاکستانی وزیراعظم کے حوالے سے کہاکہ حقیقت تو یہ ہے کہ جس مقام پر عمران خان پہنچے ہیں وہاں پر لوگ چاہ کر بھی نہیں پہنچ سکتے، میری خواہش صرف چیریٹی اورکھیلوں کیلیے کچھ کرنے کی ہے، میں اپنے حلقہ انتخاب کی بہتری کیلیے کام کروں گا۔
ورلڈ کپ کے بعد مشرفی ریٹائر ہو جائیں گے،افواہیں زور پکڑگئیں
سیاست میں انٹری دینے والے بنگلادیشی ون ڈے کپتان مشرفی مرتضیٰ کے ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہونے کی افواہیں زور پکڑگئیں، کچھ حلقوں کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے میچ کی صورت میں مشرفی اپنے ملک میں آخری ون ڈے کھیل چکے ہیں،آئندہ برس انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ سے قبل اب بنگال ٹائیگرز اپنے ہوم وینیوز پر کوئی انٹرنیشنل ایک روزہ میچ نہیں کھیلیں گے۔
مشرفی مرتضیٰ نے کہاکہ میں ورلڈ کپ کے بعد کیاکروں گا اس کا فیصلہ میگا ایونٹ میں اپنی ٹیم کے آخری میچ کے بعد سناؤں گا۔