لاہور: ٹیسٹ سیریز کے مشکل امتحان سے قبل گرین کیپس نے اعتماد بحال کرلیا، ٹیم نے ٹور میچ میں جنوبی افریقہ انوی ٹیشن الیون کیخلاف 6وکٹ سے کامیابی حاصل کر لی۔
ٹیسٹ سیریز سے قبل واحد ٹور میچ میں پاکستان ٹیم نے کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا، بینونی میں میزبان جنوبی افریقہ انوی ٹیشن الیون نے 7 وکٹ پر 318 رنز بناکر پہلی اننگز ڈیکلیئرڈکردی تھی، جواب میں مہمان سائیڈ نے اظہر علی اور بابر اعظم کی ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت 7 وکٹ پر 306 رنز بناکر حریف کو دوبارہ بیٹنگ کی دعوت دیدی۔
جمعے کے روز میچ کے تیسرے اور آخری روز انوی ٹیشن الیون نے ایک وکٹ پر 45 رنز سے دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا، برینڈ 30 جبکہ ڈیتھول 7 رنز کے ساتھ کریز پرآئے، مجموعی اسکور 58 تک پہنچا تھا کہ ڈیتھول (15)رن آؤٹ ہو گئے، محمد عامر نے نئے بیٹسمین بریٹزکی اننگز ایک رن پر تمام کرنے کیلیے فہیم اشرف سے مدد لی۔
میزبان ٹیم کی سنچری مکمل ہونے کے بعد اظہر علی نے ایکرمین (32) کو بابر اعظم کی معاونت سے جکڑ لیا، محمد عامر نے برینڈ (71) کو اسد شفیق کی مدد سے پویلین بھیج کر اننگز میں تیسرا شکار کیا۔
قومی ٹیم تاخیر سے جوائن کرنے والے یاسر شاہ نے بھی بولنگ پریکٹس کو ترجیح دیتے ہوئے میدان کا رخ کیا، لیگ اسپنر کو ایک کامیابی بھی ملی جب انھوں نے حارث سہیل کی مدد سے نایاکو (37) کا شکار کرلیا، شاہین شاہ آفریدی نے سائمنڈز (4) کو بولڈ کیا تو انوی ٹیشن الیون نے اننگز 7 وکٹ پر 182 رنز بنا کر ڈیکلیئرڈ کی دی، یوں پاکستان کو 195کا ہدف ملا، محمد عامر 3، شاہین شاہ آفریدی، یاسر شاہ اور اظہر علی ایک ایک شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔
مہمان ٹیم نے اس بار امام الحق کے ساتھ شان مسعود کو اننگز کا آغاز کرنے کیلیے بھیجا، اوپنر نے 24 رنز بناکر منیاکا کی گیند پر ڈیتھول کو کیچ تھما دیا، فخرزمان (18) کو سائمنڈز نے نایاکو کی مدد سے دھرلیا،جارح مزاج اوپنر پہلی اننگز میں بھی کریز پر قیام طویل کرنے میں ناکام رہے تھے، دوسری وکٹ 68 کے مجموعی اسکور پر گری، امام الحق 66 کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹوٹل 164 تک پہنچا کر رخصت ہوئے، انھیں سائمنڈز نے اسٹمپڈ کروا دیا، فتح سے 12 رنز کی دوری پر فہیم اشرف (7) نے برینڈ کی گیند پر کارٹ رائٹ کو کیچ دیا۔
پاکستان نے ہدف 40.2 اوورز میں 4وکٹ پر حاصل کر لیا، پہلی اننگز میں ناکام رہنے والے حارث سہیل فارم بحال کرتے ہوئے 73پر ناقابل شکست رہے،سائمنڈز نے2جبکہ منیاکا اور برینڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پروٹیز کیخلاف پہلا ٹیسٹ 26دسمبر سے سنچورین میں شروع ہوگا۔