کراچی: پہلے ٹیسٹ سے قبل پاکستان ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، محمد عباس انجری کے سبب میچ سے باہر ہو گئے۔
کندھے کی انجری کے سبب فاسٹ بولر محمد عباس سنچورین ٹیسٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے،وہ جنوبی افریقہ انوی ٹیشن الیون کیخلاف سہ روزہ میچ میں بھی ایکشن میں نہیں دکھائی دیے تھے، پروٹیز کیخلاف پہلے میچ میں پاکستانی پیس اٹیک محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی پر مشتمل ہوگا۔
محمد عباس گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ سے دبئی ٹیسٹ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے کندھا زخمی کرا بیٹھے تھے،اس انجری نے انھیں سیریز کے تیسرے میچ میں بھی شرکت سے محروم رکھا، عباس کے ان فٹ ہونے سے شاہین شاہ آفریدی کی قسمت جاگ اٹھی اور وہ ڈیبیو کرنے میں کامیاب رہے، نوجوان پیسر نے پہلی اننگز میں1 اور دوسری میں 2 وکٹیں حاصل کی تھیں، اب وہ ایک بار پھر پلیئنگ الیون کا حصہ بنیں گے۔
شاہین نے ٹور میچ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر صرف 1 ہی کھلاڑی کو آؤٹ کیا، محمد عامر ایک بار پھر پلیئنگ الیون میں شامل ہوں گے، انھوں نے آخری ٹیسٹ رواں برس جون میں انگلینڈ کیخلاف لیڈز میں کھیلا تھا، عامر کو انوی ٹیشن الیون سے مقابلے کی پہلی اننگز میں صرف ایک وکٹ ملی تاہم دوسری باری میں انھوں نے 35 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا تھا۔
پیس اٹیک میں حسن علی بھی شامل ہوں گے، البتہ ٹیم کی امیدوں کا محور اسپنر یاسر شاہ ہیں جنھوں نے تاخیر سے ساتھیوں کو جوائن کرنے کے بعد ٹور میچ کی دوسری اننگز کے 11 اوورز میں45 رنز دے کر 2 وکٹیں لی تھیں، گرین کیپس کے آخری ٹیسٹ میں شریک اسپنر بلال آصف اس بار اسکواڈ کا ہی حصہ نہیں بن سکے ہیں۔
سنچورین ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق کریں گے، ٹور میچ کی پہلی اننگز میں دونوں کے درمیان 29رنز کی شراکت ہوئی جبکہ دوسری باری میں فخر کی جگہ شان مسعود نے اوپننگ کی تھی، امام الحق نیوزی لینڈ سے3ٹیسٹ میں 14.60 کی اوسط سے صرف 73 رنز ہی بنا سکے تھے،البتہ انوی ٹیشن الیون کیخلاف دوسری اننگز میں انھوں نے پُراعتماد انداز سے کھیلتے ہوئے 66 رنز اسکور کیے۔
فخر زمان آسٹریلیا کیخلاف ڈیبیو ٹیسٹ میں 94 اور66 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد انجرڈ ہو گئے تھے، کیویز سے آخری ٹیسٹ میں امام الحق کے ساتھ اوپننگ کرنے والے محمد حفیظ اب ریٹائر ہو چکے ہیں۔