سنچورین: جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام ہوگئی اور ابتدائی 4 بلے باز 62 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان اسپورٹس پارک سنچورین میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخرزمان نے کیا تاہم دونوں اوپنرز صرف 17 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، فخرزمان نے 12 رنز بنائے جب کہ امام الحق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
انجرڈ حارث سہیل کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے شان مسعود بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھاسکے اور صرف 19 رنز پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد تجربہ کار بلے باز اسد شفیق میدان میں اترے مگر ان کی اننگز بھی صرف 7 رنز تک ہی محدود رہی، دونوں کھلاڑی اولیویر کا شکار بنے۔
قومی ٹیم میں فخرزمان، امام الحق، شام مسعود، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، سرفراز احمد، حسن علی، یاسر شاہ، محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
اسپورٹس پارک سنچورین کی وکٹ کو فاسٹ بولرز کے لیے بہت موزوں سمجھا جاتا ہے، روایت ہے کہ اس پر گیند میں بہت اچھال،تیز رفتار اور سوئنگ بھی بہت دیکھنے کو ملتا ہے، آخری اننگز میں بلے بازوں کے لیے کھیلنا بہت مشکل رہا ہے۔
واضح رہے کہ اسی گراؤنڈ پر 8 سال پہلے گریم اسمتھ اینڈ کمپنی نے پاکستانی ٹیم کو ایک اننگز اور اٹھارہ رنز سے شکست دی تھی۔