سنچورین ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بھی دھوکا دے گئی اور پوری ٹیم صرف 190 رنز پر آؤٹ ہوگئی، پہلی اننگز کے 42 رنز کے خسارے کی وجہ سے گرین کیپس نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا ہے۔
اسپورٹس پارک سنچورین میں کھیلے جارہے ٹیسٹ کے محض دو روز میں مجموعی طور پر تیسری اننگز بھی مکمل ہوگئی، میزبان ٹیم کے بولرز نے شاندار بولنگ کی بدولت 190 رنز پر گرین کیپس کو آل آؤٹ کرکے پوری طرح میچ پر گرفت حاصل کرلی ہے اور جیت کی راہ ہموار کرلی ہے۔ پاکستان ٹیم کی دوسری اننگز مکمل ہونے کے بعد کھیل کا اختتام کردیا گیا۔
پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی قومی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی، باؤنسنگ پچ پر میزبان ٹیم کے فاسٹ بولنگ اٹیک نے پاکستانی بلے بازوں کی ہوائیاں اڑا دیں، قومی بیٹسمینوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے، امام الحق اور فخر زمان نے 44 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا تاہم فخر زمان جارحانہ انداز میں شارٹ کھیلتے ہوئے 12 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد امام الحق اور شان مسعود نے دوسری وکٹ پر 57 رنز جوڑ کر مجموعے کو 101 تک پہنچایا، امام الحق 57 رنز پر بولڈ ہو۔
اوپنرز کے آؤٹ ہوتے ہی مڈل آڈر فلاپ ہوگیا اور صرف 41 رنز کے اضافے کے ساتھ بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے 4 مستند بلے باز پویلین لوٹ گئے، اظہر علی صفر،اسد شفیق 6، بابر اعظم 6 اور سرفراز احمد بغیر کوئی رنز بنائے چلتے بنے۔
شان مسعود نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر مجموعے کو 190 رنز تک پہنچایا، شان مسعود 65 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ محمد عامر 12، یاسر شاہ صفر، شاہین آفریدی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، حسن علی 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
قبل ازیں پہلی اننگز میں قومی ٹیم 181 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی جس کے جواب میں میزبان ٹیم بھی بڑی برتری حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 223 رنز پر پویلین لوٹی۔
آج جب دوسرے روز جنوبی افریقا نے 127 رنز پر 5 وکٹ سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو محمد عامر اور شاہین آفریدی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو بڑی برتری حاصل کرنے سے روکا اور پوری ٹیم 223 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے واحد نصف سنچری ٹیمبا باووما نے اسکور کی وہ 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، قومی ٹیم کی جانب سے محمد عامر اور شاہین آفریدی نے 4،4 جب کہ حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
سنچورین ٹیسٹ کا پہلا دن انتہائی دلچسپ رہا جہاں دونوں ٹیمیوں کی بیٹنگ لائن مزاحمت کرتی دکھائی دی اور یہ دن بولرز کے نام رہا ، جہاں پہلے ہی دن 15 وکٹیں گری، پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 71 رنز کی اننگز کھیلی اور قومی ٹیم 181 رنز پر پویلین لوٹ گئی جب کہ پہلے دن کے اختتام تک جنوبی افریقا کی بھی آدھی ٹیم 127 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق صفر، فخرزمان 12، شان مسعود 19 ، اسد شفیق 7 ،اظہرعلی 36، کپتان سرفراز احمد صفر، حسن علی 20 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیان اولیور نے 6، کگیسو رابادا نے 3 اور ڈیل اسٹین نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔