اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ تھری جی ٹیکنالوجی سے پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نئے دور میں داخل جائے گا جب کہ ملکی معیشت کی تیز رفتارترقی اقتصادی اعشاریوں سے واضح ہے۔
اسلام آباد میں ٹیلی کام شعبے کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ تھری جی ٹیکنالوجی کے لائسنس کی بولی میں غیر ملکی کمپنیاں بھی حصہ لے سکتی ہیں، پاکستان میں تھری جی ٹیکنالوجی کے آنے کے بعد ملک ایک نئے دور میں داخل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت تیز رفتار سے ترقی کر رہی ہے اور یہ ترقی اقتصادی اعشاریوں سے واضح ہے، معیشت میں بہتری غیر ملکی ڈونرز کے اعتماد کا ثبوت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اورآئندہ چند سالوں میں شارٹ فال پر قابو پالیا جائے گا۔ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مضبوط ہورہا ہے جب کہ ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی کے بعد اسٹاک ایکس چینج میں بھی بہتری آئی ہے۔ نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے نج کاری کی پالیسی پر عمل شروع کردیا ہے جب کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بھی بڑھایا، حکومت کو کاروبار نہیں چلانے چاہئیں بلکہ سرمایہ کاروں کو کاروبار چلانے میں سہولت دینی چاہیے۔