کوئٹہ: پشین اور پنجگور میں بم دھماکے نائب تحصیلدار اور دو اہلکاروں سمیت 11افراد زخمی ہوگئے۔ چھ شدید زخمیوں کو طبی امداد کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق پہلا دھماکا اتوار کی دوپہر کو تقریباً بارہ بجے پشین شہر میں جان اڈہ اور پولیس لائن کے قریب ہوا جس میں تحصیلدار بوستان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے سے تحصیلدار عبدالمالک ترین اور ان کے محافظ سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونیوالے دیگر افراد راہ گیر بتائے جاتے ہیں۔
دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ، لیویز اور ایف سی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پشین منتقل کیا گیا زخمی عبدالمالک اور ان کے محافظ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے انہیں فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔
بعد میں چار زخمیوں عبداللہ ولد عبدالمنان اچکزئی سکنہ پشین ،محمود ولد حبیب اللہ نیازی سکنہ کلی ملکیار پشین،اسحاق ولد حاجی روز الدین نیازی سکنہ کلی لمڑان پشین اورحبیب اللہ ولد آزو گل نیازی سکنہ کلی ملکیار کو بھی علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ تین زخمیوں نثار احمد ولد حاجی روز الدین نیازی سکنہ کلی لمڑان ،محمد اکمل ولد عبدالرؤف کاکڑسکنہ کلی تورا شاہ پشین اورسید نثار خان ولد سفر محمد سکنہ حرمزئی پشین کو مرہم پٹی کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیاگیا۔دھماکے سے تحصیلدار کی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچاجبکہ قریب کی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔دھماکے کی جگہ سے ایک موٹر سائیکل کے پرزے بھی ملے ہیں۔
پولیس نے دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ دھماکا سڑک کے کنارے کھڑی کی گئی موٹر سائیکل پر نصب پانچ کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیاجس میں بال بیرنگز کا بھی استعمال کیاگیا۔
حملے کی ذمہ داری کالعدم مذہبی دہشتگرد تنظیم حزب الاحرار نے قبول کی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان ،صوبائی وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگو اور دیگر سیاسی و حکومتی شخصیات نے بم دھماکے کی مذمت کی ہے اور اسے شہر اور صوبے کے امن کو خراب کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔
وزیراعلیٰ اور وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ امن کے دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ ادھر پنجگور میں بھی بم دھماکا ہوا جس میں ایف سی اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ایف سی کی ایک گاڑی ایف سی کیمپ سے ٹائر تبدیل کرانے کیلئے نکلی تھی پنجگور کے علاقے چتکان بازار میں ایف سی کیمپ کے قریب نامعلوم دہشتگردوں نے موٹرسائیکل پر نصب بم کے ذریعے گاڑی کو نشانہ بنایا۔
دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا اور اس میں سوار ایک ایف سی اہلکار رضوان اور راہ گیر عبدالوحید زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔دھماکے کے بعد بازار بند ہوگیا اور سڑک بھی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی۔
پشین اور پنجگور میں بم دھماکے نائب تحصیلدار و اہلکاروں سمیت 11افراد زخمی
وقتِ اشاعت : January 7 – 2019