انڈیا کے سنیل چھیتری نے سنہ 2019 کے ایشیا کپ میں گول کر کے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے اور انٹرنیشنل مقابلوں میں گول کرنے کے معاملے میں ارجنٹائن کے سرگرم معروف کھلاڑی لیونل میسی سے بھی آگے نکل گئے ہیں۔
لیکن سنیل چھیتری آخر کون ہیں؟
متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے اپنے پہلے مقابلے میں جب انڈیا نے تھائی لینڈ کو شکست دی تو یہ اس ٹورنامنٹ میں 55 سال میں انڈیا کی پہلی جیت تھی اور اس کے پس پشت ایک ہی کھلاڑی تھا اور وہ تھا سنیل چھیتری۔
ٹاپ ایکٹو انٹرنیشنل گول کرنے والے
اس میچ میں انھوں نے دو گول کیے جس سے بین الاقوامی مقابلوں میں ان کے ذریعے کیے جانے والے گول کی تعداد 67 ہو گئی اور وہ ابھی کھیل رہے کھلاڑیوں میں ارجنٹائن کے لیونل میسی سے آگے نکل کر دوسرے نمبر پر آ گئے لیکن انھیں پہلے نمبر پر پہنچنے کے لیے ابھی لمبا سفر طے کرنا ہے (کیونکہ ان سے آگے پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو ہیں جن کے گول کی تعداد 85 ہے)۔
اتنا ہی نہیں اس کے ساتھ وہ بین الاقوامی سطح پر آل ٹائم فہرست میں 20 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جس میں وہ نہ صرف میسی سے آگے ہیں بلکہ آئیوری کوسٹ کے ڈیڈیئر ڈروگبا سے آگے ہیں اور برازیل کے سٹرائیکر رونالڈو اور سویڈن کے معروف کھلاڑی زلاٹن ابراہیموچ سے بھی پانچ گول کے واضح فرق سے آگے ہیں۔
’کیپٹن فنٹاسٹک‘
بنگلورو فٹبال کلب کی جانب سے کھیلنے والے چھیتری کو ’کیپٹن فنٹاسٹک‘ (شاندار کپتان) کہا جاتا ہے اور وہ ایک عرصے سے انڈیا کی محدود قومی فٹبال ٹیم کے درخشاں ستارہ ہیں۔
سنہ 2005 میں ان کا پہلا بین الاقوامی گول تاریخی اہمیت کا حامل تھا کیونکہ یہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں سکور کیا جانے والا پہلا گول تھا۔
اس سے قبل دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف کوئی میچ نہیں کھیلا تھا۔ یہ میچ ایک ایک گول کی برابری پر ختم ہوا۔
حالیہ زمانے میں سنہ 2009 کے اے ایف سی چیلنج کپ میں انھوں نے انڈیا کے لیے سب سے بڑا اعزاز حاصل کیا اور ٹورنامنٹ میں چار گول کیے۔
مجموعی طور پر انھوں نے ابھی تک 105 میچوں میں 67 گول کیا ہے اس طرح ان کے گول کرنے کی شرح 0.63 گول فی میچ ہے۔
ڈومیسٹک میچوں میں ان کے گول کی شرح قدرے کم ہے اور یہ ہر دو میچ میں ایک گول کے آس پاس ہے۔
وہ انڈیا سے باہر مختصر وقت کے لیے ایم ایل ایس (کینس سٹی وزارڈس کے لیے ایک متبادل کے طور پر) اور سپورٹنگ لسبن کی ریزرو ٹیم کا حصے رہے لیکن انھیں وہاں کوئی کامیابی نہ ملی۔
انڈیا کی ایک کے مقابلے چار گول سے جیت نے غیر متوقع طور پر اسے اپنے گروپ میں سر فہرست بنا دیا ہے جبکہ اس گروپ میں میزبان بحرین بھی ہے جس کا پہلا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔چھیتری نے سپورٹنگ کی بی ٹیم کے ساتھ دو سال کا معاہدہ کیا ہے لیکن ابھی تک صرف تین میچوں میں ہی شرکت کی ہے
سنیل چھیتری انڈیا جیسی بڑی آبادی والے ملک کی بین الاقوامی سطح پر مایوس کن کارکردی میں درخشاں ستارے کی طرح ہیں۔
انڈیا نے سنہ 1950 کے ورلڈ کپ کے لیے (بائی ڈیفالٹ) کوالیفائی کیا تھا لیکن حکام نے اس ٹورنامنٹ کو زیادہ اہمیت نہ دیتے ہوئے اس میں شامل ہونے سے منع کر دیا۔ یہ ایسا قدم تھا جس کے بارے میں آج کے زمانے میں سوچا بھی نہیں جا سکتا۔
لیکن اس کے بعد سے وہ کبھی کسی بڑے ٹورنامنٹ میں کوالفائی کرنے سے کوسوں دور رہا یہاں تک کہ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کی کوششوں میں بھی اس کی کاردگی بہت خراب رہی۔
انڈیا کی ناقص کارکردگی کے سبب حالیہ دنوں میں ان کا میچ دیکھنے والوں کی تعداد میں بھی کمی رہی ہے۔
جب انڈیا نے سنہ 2018 کے انٹرنیشنل کپ کی میزبانی کی تو انڈیا کے بہت کم شائقین چائنیز تاپیئی کے خلاف انڈیا کی پانچ صفر سے جیت دیکھنے کے لیے پہنچے۔ اس میچ میں ہیٹرک گول کرنے والے چھیتری نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو اپیل جاری کی کہ لوگ زیادہ تعداد میں میچ دیکھنے پہنچیں۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اس وقت وائرل ہوئی جب انڈیا کے ٹاپ کرکٹ سٹار سچن تندولکر اور وراٹ کوہلی نے اسے ری ٹویٹ کیا اور پھر شائقین کی بڑی تعداد انڈیا کے دو آخری میچ دیکھنے پہنچی۔