|

وقتِ اشاعت :   January 10 – 2019

کوئٹہ: نیشنل پارٹی اپوزیشن کی بڑی جماعتوں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کو قریب لانے کے لئے سرگرم ہوگئی۔ اس سلسلے میں نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ 

نیشنل پارٹی کے ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملاقات میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈیوالا اور جنرل سیکریٹری نیشنل پارٹی جان محمد بلیدی بھی موجود تھے۔ اس ملاقات میں ملاقات میں سیاسی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ 

ملاقات میں نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سینیٹرحاصل بزنجو نے اس بات کی ضرور ت پر زور دیا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں اپوزیشن کی تمام جماعتیں متحد ہوکر آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی جدوجہد کو مزید تیز کریں۔نیشنل پارٹی کی قیادت نے اس موقع پر پیشکش کی کہ پیپلز پارٹی چاہے تو نیشنل پارٹی اپوزیشن جماعتوں کو قریب لانے میں کردار ادا کرسکتی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے نیشنل پارٹی کی کوششوں کو سراہا اور اتفاق کیا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کو متحد کیا جائے۔ نیشنل پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری سے ملاقات کے بعد نیشنل پارٹی کا وفد نواز شریف سمیت دیگر نون لیگی رہنماؤں سے بھی ملاقات کرے گا۔

ملاقات کے بعد ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات مثبت رہی۔آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے آصف زرداری جمہوری قوتوں کے ساتھ چلنے کو تیار ہے۔جمہوریت کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سخت مزاحمت کی جائے گی۔