جوہانسبرگ: تیسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ جنوبی افریقی شہر جوہانسبرگ میں کھیلا جارہا ہے، جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پروٹیز کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے کیا۔ اوپنر ڈین ایلگر زیادہ دیر وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور صرف 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ایڈن مارکرم نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور نصف سنچری مکمل کی، اس وقت ہاشم آملہ اور اوپنر ایڈن مارکرم وکٹ پر موجود ہیں اور کھانے کے وقفے تک جنوبی افریقا نے ایک کھلاڑی کے نقصان پر 108 رنز بنالیے ہیں۔
قومی ٹیم میں جنوبی افریقا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے لیے 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، یاسر شاہ، فخر زمان اور شاہین آفریدی کی جگہ فہیم اشرف، شاداب خان اور حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے دونوں ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کو ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا، تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقا کو 0-2 کی برتری حاصل ہے تاہم کلین سوئپ سے بچنے کے لیے قومی ٹیم کو آخری ٹیسٹ میچ جیتنا ضروری ہے۔