|

وقتِ اشاعت :   January 17 – 2019

پورٹ الزبتھ: جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ کے لیے قومی ون ڈے اسکواڈ نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کی رہنمائی میں پریکٹس کی ہے۔

ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کی خفت اٹھانے کے بعد پاکستان ون ڈے سیریز کا پر اعتماد آغاز کرنے کا خواہاں ہے، گرین شرٹس نے گزشتہ روز ہی پورٹ الزبتھ میں ڈیرے ڈال دیئے تھے جہاں پہلا ایک روزہ میچ ہفتے کو شروع ہوگا، محدود اوورز کی کرکٹ کے لیےعماد وسیم، حسین طلعت،شعیب ملک، محمد حفیظ  اور عثمان شنواری کی صورت میں تازہ کمک بھی پہنچ چکی ہے۔

ٹیسٹ کے بعد ون ڈے اسکواڈ میں شامل کپتان سرفراز احمد، فخرزمان، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم، محمد رضوان، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی پہلے جنوبی افریقا میں تھے، پورٹ الزبتھ پہنچ کر پہلے روز آرام کرنے والے مہمان کرکٹرز نے پریکٹس کا آغاز کردیا، اس دوران کوچنگ اسٹاف کے ساتھ پاکستان سے خصوصی طور پر جنوبی افریقا آنے والے چیف سلیکٹرز انضمام الحق بھی میدان میں موجود اور کھلاڑیوں کی رہنمائی کرتے رہے۔

یاد رہے عام طور پر سلیکشن کمیٹی کے ارکان ٹیمیں منتخب کرنے کے بعد بیرون ملک دوروں پر نہیں جاتے لیکن انضمام الحق ورلڈ کپ اسکواڈ کے بارے میں کوچ اور کپتان سے مشاورت کی ”ضرورت“ پیدا کرتے ہوئے پاکستان سے روانہ ہوگئے تھے۔