حب: کراچی سے پنجگور جانے والی مسافر کوچ اور آئل ٹینکرمیں تصادم خواتین اور بچوں سمیت 27 افرادجھلس کر جاں بحق 16 افراد زخمی ہوگئے 6 زخمیوں کو کراچی منتقل کردیا گیا جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ رات گئے تک مسافر کوچ میں پھنسے افراد کونکالنے کاسلسلہ جاری رہا مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے ۔
ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل اور ایس ایس پی لسبیلہ آغا رمضان علی کے مطابق اتوار کے روز بیلا کراس کے قریب کراچی سے پنجگور جانے والی مسافر کوچ نمبر LES2127 مخالف سمت سے آنے والی آئل ٹینکرسے ٹکرا گئی حادثہ کے نتیجے میں مسافر کوچ اور آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی پولیس کے مطابق حادثے کے وقت خواتین اور بچوں سمیت مسافر کوچ میں 35 سے زائد مسافر سوار تھے جن میں سے27 افراد جھلس کر جاں بحق ہوئے جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثہ میں زخمی ہونے والے 16 افراد میں سے 6 زخمیوں کو بیلہ ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا جن میں 3 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے رات گئے دیگر زخمیوں کو بھی کراچی منتقل کیا گیا ۔ رات گئے تک حاد ثہ میں جاں بحق اور زخمی افراد کوریسکیو کرنے کا سلسلہ جاری رہا پولیس کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔
آئل ٹینکر سے بھی دو لاشیں نکالی گئیں ، حادثہ میں جاں بحق اور زخمیوں کی شناخت عمران ولد مولا بخش سکنہ پنجگور ، حناء زوجہ عمران ، عبیداللہ ولد نصر اللہ ، محمد نواز ولد وزیر احمد ، عبدالجبار ولد نور محمد، انیس ولد محمد اسماعیل ،عبدالمنان ولد نور محمد،سمیرا نور بخش ولد نور احمد شاہ میر ولد نور احمد ،محمد ولد بلال ،محمد فاروق ولد محمدیوسف ،زہرا بنت محمد سعید ،محمد ولدعبدالمنان ،گل پری زوجہ حاجی محمد سعید ،اسماء بنت عبدالغفار کے ناموں سے ہوئی ہے۔
جبکہ جھلس کر جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت رات گئے تک نہیں ہوسکی تھی ۔ عینی شاہدین کے مطابق امدادی ٹیمیوں کے تاخیر سے پہنچے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا حادثہ ہوتا ہی مسافر کوچ میں آگ بھڑک اٹھی جس کے شعلوں میں مسافروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا عینی شاہدین کے مطابق کچھ لو گ اپنی جان بچھانے کیلئے کوچ سے چلانگیں لگائی۔