کوئٹہ: سول سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ کے گائنی ڈیپارٹمنٹ سے دو کنسلٹنٹس اور بارہ لیڈی ڈاکٹرز کو فرائض سے غفلت برتنے اور غیر حاضری پر ڈیوٹی سے فارغ جبکہ ایک نرس کو معطل کردیا گیا۔
میڈیکل سپریٹنڈنٹ سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر محمد سلیم ابڑو کے مطابق فارغ ہونے والے کنسلٹنٹ اور لیڈی میڈیکل آفیسران اپنی جائے تعیناتی سے غیر حاضر تھے۔ جس کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا تھا انہوں نے بتایا کہ سول سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ سرکاری سطح پر صوبائی دارلحکومت کا سب سے بڑا ہسپتال ہے جس سے کوئٹہ سمیت پورے صوبے کے عوام کی ایک بڑی تعداد استفادہ کرتی ہے ۔
وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے غیر حاضر اسٹاف سمیت کسی بھی خلاف ضابطہ اقدام پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے کیونکہ صحت کے شعبے میں کسی بھی غفلت کا مقصد انسانی جان کا ضیاع ہے ایمرجنسی کے نفاذ میں غیر حاضری اور فرائض سے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سول سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ سے فارغ تمام آفیسران کو سیکرٹری صحت بلوچستان کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دریں اثناء حکومت بلوچستان محکمہ صحت کے ایک اعلامیہ کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو سرکاری احکامات کی حکم عدولی اور غیر مناسب رویے کی بناء پر فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز معطل شدہ ایم ایس کی جگہ فرائض انجام دیں گے۔جن ایم ایس کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔
ان میں ڈاکٹر جہانگیر جعفرایچ ایس سی (بی19- ) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال زیارت ، ڈاکٹر عبدالجبار چیف میڈیکل آفیسر ( بی 19-) ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال پشین ، ڈاکٹر اختر محمد سی ایم او (بی 19-) ایم ایس ڈی ایچ کیو قلعہ سیف اللہ ، ڈاکٹر جوہر خان سینئر میڈیکل آفیسر (بی 18-) ایم ایس DHQہسپتال دکی، ڈاکٹر سیف الدین بگٹی، سی ایم او (بی 19-) ایم ایس DHQہسپتال موسیٰ خیل اور ڈاکٹر رخشانی مگسی چیف لیڈی میڈیکل آفیسر ( بی 19-) ایم ایس /ڈی ایچ او ڈسٹرکٹ جھل مگسی شامل ہیں۔
کوئٹہ ، غفلت برتنے پر 12لیڈی ڈاکٹرز اور 6میڈیکل آفیسرز معطل
وقتِ اشاعت : January 24 – 2019