|

وقتِ اشاعت :   April 12 – 2014

لاہور: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کے مقدمے کا فوج سے کوئی تعلق نہیں اور  مشرف کے کیس کو فوج سے جوڑ کر ملک سے غداری کی جارہی ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے ہم سب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ملک کے سیاسی استحکام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں، ہمارا ایجنڈا پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنا ہے اور اب جب ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے تو ایسے وقت میں پرویز مشرف کی ٹیم اور وکلا ملک میں جو بحران پیدا کرنا چاہتے ہیں وہ بدترین سازش ہے اور جو سیاسی نظام کو کمزور کرنے کی جو سازش کرے گا وہ پاکستان کا دشمن ہوگا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پرویز مشرف کے مقدمے کا پاک فوج سے سے کوئی تعلق نہیں، فوج نے بڑی محنت سے اپنے چہرے سے مشرف کے داغ دھوئے ہیں، وہ ایک سیاستدان اور سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں اور ان کے خلاف آئین سے غداری کا مقدمہ بھی بطور سیاستدان چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ کم سے کم نقصان میں امن حاصل کیا جائے، آپریشن کرنا مشکل نہیں، آپریشن کسی وقت بھی شروع کیا جاسکتا ہے لیکن بعد میں اس سے پیچھے ہٹنا مشکل ہوگا۔ جنگ بندی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی میں کب تک توسیع ہے یہ سوال طالبان سے پوچھیں۔