|

وقتِ اشاعت :   April 12 – 2014

چیمپیئنزلیگ سیمی فائنل کے ڈرا میں انگلش ٹیم چیلسی کا مقابلہ سپین کی ایتھلیٹکو میڈرڈ سے جبکہ موجودہ چیمپیئن بائرن میونخ کا ٹکراؤ ریال میڈرڈ سے طے پایا ہے ۔ چیلسی کو سیمی فائنل میں اس وقت دلچسپ صورتِ حال کا سامنا ہو سکتا ہے جب ان کے اپنےگول کیپر ٹیبو کورتوا سیمی فائنل میچ میں مقابل ٹیم کی طرف سے کھیلیں گے۔ اطلاعلات کی مطابق پچھلے ہفتے چیلسی نے ایتھلیٹکو سے کورتوا کے سیمی فائنل کھیلنے کے عوض بھاری اضافی معاوضے کا مطالبہ کیا تھا تاہم چیمپیئنزلیگ کی نگران تنظیم یوئیفا نے اس مطالبے کو غیر قانونی اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایتھلیٹکو کو کورتوا کو بغیر کسی اضافی معاوضے کے سیمی فائنل کھلانے کا پورا حق ہے۔ کورتوا کو ایتھلیٹیکو نے چیلسی سے ایک خاص مدت کے لیے ادھار لیا ہے لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ چیلسی کو یہ فیصلہ بھاری پڑ سکتا ہے۔ بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے کورتوا کا شمار دنیا کے بہترین گول کیپروں میں ہوتا ہے۔ مگر چیلسی کو اس صورت حال کا سامنا پہلی بار نہیں ہوگا اس سے قبل 2012 میں کھیلے جانے والے یوئیفا سپر کپ کے فائنل میں بھی کورتوا ایتھلیٹکو کی طرف سے ٹرانفسر پر کھیل رہے تھے۔ چیلسی کو اس میچ میں چار ایک سے شکست ہوئی اور ان کے کئی یقینی گول کورتوا نے روکے۔ چیلسی نے کورتوا کو ایتھلیٹکو کو آٹھ لاکھ پاؤنڈز کے عوض 2011 کے پہلے سیزن کے لیے ٹرانسفر کیا تھا جبکہ دوسرے سیزن میں 24 لاکھ پاؤنڈز کے عوض ٹرانسفر کیا۔ کورتوا کی کارکردگی اتنی اچھی تھی کے ایتھلیٹکو نے ان کو پھر تیسرے سیزن کے لیے 41 لاکھ پاؤنڈز دے کر حاصل کیا۔ ایتھلیٹکو کی موجودہ کارکردگی کافی متاثر کن رہی ہے اور لا لیگا پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ایتھلیٹکو بارسلونا کو شکست دے کر سیمی فائنل تک پہنچی ہے۔ ایتھلیٹیکو نےگذشتہ سال ریال میڈرڈ کو کوپا ڈیل رے کپ میں شکست دی اور 2012 میں یوراپا لیگ کے بھی فاتح قرار پائے۔ چیلسی اگر یہ معرکہ سر کر لیتا ہے تو یہ ان کا ساتویں سیزن میں تیسرا فائنل ہوگا دوسری طرف ٹائٹل کا دفاع کرنے والے بائرن میونخ اگر ریال میڈرڈ سے بازی لے جاتا ہے تو وہ چیمپیئنز لیگ کی تاریخ میں لگاتار دو بار ٹائٹل جیتنے والا پہلا ایسا کلب ہوگا۔ ریال میڈرڈ کا شمار دنیا کی سب سے بڑی ٹیموں میں ہوتا ہے ، 9 بار چیمپیئنزلیگ کا تاج پہنے والی میڈرڈ 2002 سے یہ مقابلہ نہیں جیت پائی ہے۔