|

وقتِ اشاعت :   February 1 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے سانحہ لورالائی پر افسوس ،شہداء اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کی غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں آج امن قائم کرنے والے سیکورٹی ادارہ پولیس عدم تحفظ کا شکار ہیں ۔

اپنے بیان میں نوابزادہ لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ روز اول سے ذمہ داریوں کا تعین کرکے غلط پالیسی سازوں کو سزا دی جاتی تو آٹھ اگست ،درینگڑھ کے سانحات سمیت ہزاروں کی تعداد میں بے گناہ لوگوں کے قتل عام جیسے واقعات پیش نہیں آتے ۔

نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا کہ آج بھی وقت ہے کہ غلط پالیسیوں کا ازالہ کیا جائے جس کا واحد طریقہ یہ ہے کہ پارلیمینٹ پالیسی ساز ادارہ ہے اور تمام ادارے پارلیمینٹ کے تابع ہوکر پارلیمینٹ کی پالیسیوں کے اصولوں پر چلیں ۔ پارلیمینٹ کے اصولوں پر چل کرہی ملک میں امن قائم کیا جاسکتا ہے جس سے خوشحالی آئیگی ۔ 

انہوں نے کہا کہ جب پارلیمنٹ عوام کو جوابدہ ہوگی تو ہی ملک سے کرپشن کا ختم ہوسکتا ہے ۔ نوابزادہ لشکری رئیسانی نے حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔