تربت : میونسپل کارپوریشن تربت کے سابق میئرقاضی غلام رسول بلوچ نے چارج ایڈمنسٹریٹر /چیف افیسر میونسپل کارپوریشن تربت شعیب ناصر کے حوالے کردیا، اس موقع پرمنعقدہ تقریب میں ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ مکران ڈویژن شے ظہورالحسن اورمیونسپل کارپوریشن تربت کے افسران بھی موجودتھے ۔
انہوں نے گاڑی ، دفتر ایڈمنسٹریٹر شعیب ناصرکے حوالے کئے ،سابق میئرتربت قاضی غلام رسول بلوچ نے کہاکہ ان 4سالوں کے دوران ہم ایک لمحہ کیلئے بھی اپنے عوام اوران کے مسائل سے غافل نہیں رہے بلکہ ہرلمحہ اور ہرآن عوام کیلئے حاضررہے، میونسپل کارپوریشن تربت کی ٹیم کے ساتھ شہرپر بھرپورتوجہ دی ہماری جدوجہد وکاوشوں کی بدولت نہ صرف بدحال میونسپل کارپوریشن ایک فعال ادارہ بن چکاہے ۔
بلکہ تربت شہر خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے مثالی شہربن چکاہے اور صوبائی سطح پر بلدیاتی اداروں میں صحت وصفائی کے حوالے سے میونسپل کارپوریشن تربت کئی بار پہلی پوزیشن حاصل کرچکی ہے ، اورہم نے الیکشن مہم کے دوران جو منشور دیاتھا اور عوام سے جووعدے کئے تھے ان میں سے95فیصد پرعملدرآمد کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔
جن میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتربنانا، سیوریج لائنوں کی تعمیر، سڑکوں کی تعمیروتوسیع، پارکس ، پبلک پارکنگ کاقیام، ڈسٹ بن ،اسپرے مہمات سمیت دیگر کام شامل ہیں ، پہلے برائے نام مشینری تھی جوناکارہ اور آف روڈتھی مگرہم نے نہ صرف تمام مشینری کو قابل کار بنایا بلکہ سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کے تعاون سے نئی اورجدید مشینری بھی حاصل کی جبکہ ہم نے اپنے فرائض سے بڑھ کربھی صحت، تعلیم ، بجلی ودیگر شعبوں پر خصوصی توجہ دی تاکہ عوام کو کچھ ریلیف دے سکیں ، یہی وجہ ہے کہ عوام اپنے ہرمسئلہ ومشکل کے حل کیلئے ہمارے پاس آتے تھے اورہم اپنی حتی المقدور کوششیں کرکے عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرتے ۔
انہوں نے کہاکہ جب خدمت کاجذبہ اورامنگ ہو اورمخلص ٹیم ورک ہو توبہت ساری مشکلیں خودبخود حل ہوجایا کرتی ہیں یہی جذبہ ہمارے شامل حال رہی ، کارپوریشن کی ٹیم نے چیف افیسرشعیب ناصرکی قیادت میں بھرپور ساتھ دیا اورہم اپنے عوام اور شہرکی بہترسے بہترخدمت کرنے میں کامیاب رہے اور آج 4سالوں کے بعد مطمئن ضمیر اور سرخرو ہوکر اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہورہاہوں جس پر دلی اطمینان ومسرت ہورہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ جب ہم آئے تو نہ صرف شہر کھنڈرات تھا سیوریج سسٹم کانام ونشان نہ تھا ، کھیل کے میدان ویران اورنوجوان مایوس تھے ،مچھروں کی بہتات کے باعث علاقہ ملیریا کی لپیٹ میں تھا مگر آج کھیل کے میدان آبادہیں ،ایک ٹورنامنٹ ختم نہیں ہوتا دوسری شروع ہوجاتی ہے ،ہزاروں شائقین کھیل دیکھنے جاتے ہیں، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کے ساتھ مل کر کیچ فیسٹیول کا شاندار انعقاد یقینی بنایا ۔
انہوں نے کہاکہ اس دوران سب سے بڑی مشکل اورپریشانی جوہمیں درپیش رہی وہ آتشزدگی کے واقعات تھے مکران میں روزگارکے ذرائع نہ ہونے کی وجہ سے بڑے پیمانے پرلوگ شہر کے اندر پٹرولیم وگیس کی دوکانیں کھول کرکاروبارکررہے ہیں آتشزدگی کی صورت میں انتہائی خطرات کا سامنا رہتاہے کیونکہ آتشزدگی کاکوئی وقت اورٹائمنگ نہیں ہوتا ہر وقت الرٹ رہنا پڑتاہے ۔
بلدیہ کے فائربریگیڈ کے انچارج محمد اشرف ایسے موقعوں پر جان جھوکوں میں ڈال کر شہرکو تباہی سے بچانے میں کردارنبھاتے ، ہروقت فائربریگیڈکی گاڑی کومینٹین اور کیمیکل وغیرہ کابندوبست یقینی بنانے پربھرپورتوجہ رہی ۔
انہوں نے کہاکہ اس کامیابی کاکریڈٹ پوری ٹیم کوجاتی ہے ، ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ مکران شے ظہور الحسن بلوچ نے سابق میئرتربت قاضی غلام رسول بلوچ کو 4سالہ مدت عزت واحترام اورپوری ذمہ داری ، محنت ،دیانت اور ایمانداری ولگن کے ساتھ پوری کرنے پرمبارکبادپیش کی اورکہاکہ ان کی خلوص وکاوشوں کو دیکھ کرہم یہ نہیں سمجھتے کہ ان کی ذمہ داری ختم ہوگئی بلکہ ہم امیدرکھتے ہیں کہ ہمیں جب بھی ان کی رہنمائی کی ضرورت پڑے گی وہ ہماری رہنمائی کافریضہ سرانجام دیتے رہیں گے اورانہوں نے اپنی وژن سے جو سیٹ اپ دیاہے اسے مزید بہتری کی جانب لے جانے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہاکہ میونسپل کارپوریشن تربت اس چار سالہ دورسے پہلے بھی ہم نے دیکھاہے اور آج بھی دیکھاہے ، قاضی صاحب اور ان کی ٹیم نے جس محنت وکوشش کے ساتھ اس کو عوامی مفاد کا ایک ادارہ بنایا ہے وہ لائق تحسین ہے اور تربت کے عوام آئندہ بھی اسی طرح ایماندار ومخلص لوگوں کو آگے لائیں تاکہ خدمت کاتسلسل برقرار رہے انہوں نے کہاکہ ڈیلی ویجزملازمین بھی داد کے مستحق ہیں جنہوں نے انتہائی کم اجرت پر جانفشانی کے ساتھ کیا ۔
انہوں نے کہاکہ شہری اس شہر کو اپنا شہرسمجھیں اور صفائی ہرشہری کافرض ہے ، کچرہ وگندگی سڑکوں وگلیوں میں پھینکنے کے بجائے ڈسٹ بن یاکسی مخصوص جگہ پر رکھیں تاکہ بلدیہ کے عملہ کو اٹھانے میں آسانی ہو، میونسپل کارپوریشن تربت کے ایڈمنسٹریٹر اورچیف افیسر شعیب ناصرنے کہاکہ قاضی صاحب نے بطورمیئر ان 4سالوں کے دوران اس ادارہ اورشہر کو اپنا سمجھا اوراس کی بھرپور خدمت کی ان کی 4سالہ کارکردگی اور سوچ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔
انہوں نے 4سال میں ہمیں اپنے تجربات سے نوازاہے ان کی لازوال خدمات ہیں ہم اسی ڈگرپر چلتے ہوئے شہرکی صفائی ستھرائی کوبرقراررکھنے کی ہرممکن کوشش کریں گے ۔
اپنی مدت کے دوران عوامی مسائل سے غافل نہیں رہے ، سابق میئر تربت
وقتِ اشاعت : February 3 – 2019