کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے محکمہ جنگلات وجنگلی حیات کو جنگلات کے فروغ، جنگلی حیات کے تحفظ اورجنگلات کی غیرقانونی کٹائی کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات کی جانب سے محکمانہ امور سے متعلق دی جانے والی بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ نے جنگلات کے فروغ کے لئے سپارکو کی معاونت کے حصول اور رینج لینڈ کی ترقی کے منصوبے تیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
صوبائی وزراء میر ظہور احمد بلیدی، نورمحمد دمڑ، پارلیمانی سیکریٹری برائے جنگلات وجنگلی حیات سردار مسعود خان لونی محترمہ بشریٰ رند، دنیش کمار اور جہانزیب لونی بھی اجلاس میں شریک تھے جبکہ سیکریٹری محکمہ جنگلات وجنگلی حیات سعید جمالی کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شجر کاری اور جنگلات کے فروغ کے ذریعہ نہ صرف ماحول کو بہتر بنایا جاسکتاہے بلکہ اس سے روزگار کے مواقعوں اور معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ضلع کی سطح پر پودوں کی ماڈل نرسریاں بنائی جائیں اور زیتون سمیت صوبے کے موسم کے مطابق مختلف اقسام کے درختوں کو متعارف کرایا جائے۔
اس کے ساتھ ساتھ عوام میں شجر کاری کے شعور کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں بلامعاضہ یا ازراں نرخوں پر درخت مہیا کئے جائیں، اس موقع پر ٹرافی ہنٹنگ، وائلڈ لائف ایکٹ اور کونسل برائے جنگلات وجنگلی حیات سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے بعض فیصلے کئے گئے۔
بلوچستان حکومت کا جنگلات و جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کا فیصلہ
وقتِ اشاعت : February 7 – 2019