|

وقتِ اشاعت :   February 8 – 2019

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لینے والے رضاکار اداروں کی سرپرستی کرے گی اور ان اداروں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔

بلوچستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن لڑکیوں کی شخصیت سازی اور ا ن کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے جس کے پیش نظر حکومت نے ایسوسی ایشن کی سالانہ گرانٹ کو پندرہ ملین سے بڑھا کر پچاس ملین روپے کردیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان گرلز گائیڈ کی صدر بیگم حسن بلوچ کو پچاس ملین روپے کی گرانٹ ان ایڈ کا چیک دینے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سور اور صوبائی وزراء بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ بلوچستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کو ضلعوں کی سطح پر وسعت دے کر صوبے کی بچیوں اس تحریک میں شامل کیا جائے تاکہ وہ بھی ایسوسی ایشن کے تحت جاری تعمیری سرگرمیوں کا حصہ بن سکیں، ایسوسی ایشن کی صدر نے گرانٹ ان ایڈ کے اضافہ پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ کی خواہش کی روشنی میں ایسوسی ایشن کے دائرہ کار کو وسعت دی جائے گی۔

انہوں نے وزیراعلیٰ کو گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، وزیرااعلیٰ نے کہا کہ وہ جلد ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ملاقات کی، صوبائی وزراء میرضیاء لانگو، سردار سرفراز خان ڈومکی، میر ظہور احمد بلیدی اور محمد خان طوراتمانخیل، بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال ، بلوچستان کی ترقی میں وفاقی حکومت کی معاونت اور بلوچستان عوامی پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے قائم اتحاد کو مزید مستحکم بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ وفاق اور صوبے میں دونوں جماعتیں بہترین اتحادی کا کردار ادا کررہی ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں اور صوبے کی ترقی کے حوالے سے وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔

ڈپٹی اسپیکرنے صوبے کی ترقی اور وفاق کے ساتھ خوشگوار تعلقات کے فروغ کے لئے وزیراعلیٰ کے قائدانہ کردار کو قابل قدر قرار دیا جبکہ وزیراعلیٰ نے توقع ظاہر کی کہ ڈپٹی اسپیکر وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے زیادہ سے زیادہ منصوبوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔