دالبندین : صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی نے کہا ہے کہ ضلع چاغی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے پونے دو ارب روپے کی منظوری دے دی گئی ہے. ان کا کہنا تھا کہ ضلع چاغی کے پاک افغان سرحدی علاقوں کو سڑکوں کے ذریعے شہروں سے منسلک کیا جائے گا. انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا اور لوگوں کو صحت، تعلیم، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے دالبندین میں اپنا کیمپ آفس بنانے کا اعلان بھی کردیا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے دالبندین میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں تمام محکموں کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چاغی فتح خان خجک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نجیب اللہ قمبرانی، ایس پی چاغی نذر جان بلوچ بھی موجود تھے. ضلع چاغی میں متعین سرکاری محکموں کے افسران نے صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی کو اپنے اداروں کی مجموعی کارکردگی، ضروریات اور مسائل سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے ہدایت کی کہ وہ اپنی ضروریات اور مسائل سے باقاعدہ طور پر ڈیمانڈ بھیجیں فوری عملدرآمد کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کی خدمت کریں اور اپنے جائے تعیناتیوں پر ہمہ وقت حاضر رہیں کیونکہ اگر بطور وزیر خزانہ میں خود عوام کے لیے رات دیر تک کام کرتا ہوں تو افسران کو بھی محنت اور لگن سے کام کرنا چاہیے تاکہ مسائل اور چیلنجز سے بھرپور طریقے سے نمٹا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ چاغی، دالبندین، نوکنڈی اور تفتان سمیت گرد و نواح میں صاف پانی کی بلاتعطل فراہمی، سڑکوں کی معیاری تعمیر، صحت و تعلیمی اداروں کی مکمل فعالیت اور امن و امان کے قیام میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی. انہوں نے افسران اور عوام الناس کو ہدایت کی کہ ان سے رابطے کے لیے دالبندین میں ان کے کیمپ آفس سے رابطہ قائم کیا جائے۔
خود کرپشن کی ہے نہ کسی کو کرنے دوں گا، عارف حسنی
وقتِ اشاعت : February 9 – 2019