ڈھاکا: آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے دوران بنگلا دیش میں مشکوک افراد کی سرگرمیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
مبینہ بھارتی بکی کو پولیس نے تیسری مرتبہ دھر لیا، اس بار بھی جوئے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا، قبل ازیں اتانو دتا 2بار ضمانت پر حوالات سے باہر آچکا، پولیس کے مطابق اس کا تعلق بھارت کے بڑے بیٹنگ سنڈیکیٹ سے ہے۔ تفصیلات کے مطابق اتانو دتا کئی مرتبہ بنگلا دیش آچکا اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا ہے، اسے مقامی پولیس نے ایک ماہ سے بھی کم وقت میں اب تیسری مرتبہ حراست میں لے لیا،اس بار اتانو کی بنگلا دیش آمد اس وقت ہوئی جب سری لنکن ٹیم یہاں ٹور پر آئی،اس کے بعد بکی نے یہیں پر ڈیرے ڈال دیے، ایشیا کپ کے بعد وہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے دوران بھی مشکوک سرگرمیوں میں ملوث رہا، اس بار بھی اسے اسی بنیاد پر گرفتار کیا گیا، پولیس نے سیکشن 54 کے تحت اسے حراست میں لیا جس کے لیے وارنٹ گرفتاری کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اتانو دتا جوئے میں معاونت کے جرم میں بنگلا دیش میں گرفتار ہونے والا پہلا بھارتی ہے۔
اس سے قبل بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے دوران ایک اور مشکوک بھارتی درگا پرشاد کو اسٹیڈیم سے بیدخل کیا گیا تھا، اتانو دتا گذشتہ تین برس سے باقاعدگی سے بنگلا دیش کے دورے کررہا ہے، وہ پہلی مرتبہ یہاں پر ورلڈ کپ 2011 میں آیا تھا، اس سے بی پی ایل کے دوران بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی چیف نے مشکوک سرگرمیوں پر پوچھ گچھ بھی کی مگر کوئی ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے اسے چھوڑ دیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پہلی بار جب اتانو کو 21 مارچ کو چھوڑا گیااس کے بعد فون کالز ریکارڈ کی جاتی رہیں جس سے کافی شواہد جمع ہوگئے، پہلی بار شیر بنگلا اسٹیڈیم میں جاسوسوں کی اطلاع پر گرفتارہونے والا اتانو دوسری مرتبہ سرحدی علاقے بیناپول میں پکڑا گیا، وہ وہاں سے سرحد پار کرکے اپنے ملک میں داخل ہونا چاہتا تھا، پھر اس کی 6 اپریل کو ضمانت ہوگئی تھی، اب وہ تیسری مرتبہ پولیس کی حراست میں آ گیااور اس بار بچنا بظاہر مشکل دکھائی دے رہا ہے۔