|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2019

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے تمام محکموں کو گریڈ ایک تاپندرہ کی ڈویژنل اور ضلعی سطح پر خالی اسامیوں پر بھرتی کے لئے ڈویژنل اور ضلع کی سطح پر ریکروٹمنٹ کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ڈویژنل ریکروٹمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ڈویژنل کمشنر ہوں گے جبکہ ایڈیشنل کمشنر، متعلقہ محکمے کے ڈویژنل ہیڈ اور متعلقہ محکمے کا گریڈ 18 کا نمائندہ کمیٹی کے اراکین ہوں گے۔ 

ضلعی ریکروٹمنٹ کمیٹی کے چیئرمین متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر ہوں گے جبکہ متعلقہ محکمے کے ضلعی سربراہ، ضلعی اکاؤنٹس افسر اور متعلقہ محکمے کا گریڈ 18کا نمائندہ کمیٹی کے اراکین میں شامل ہوں گے، محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو ریکروٹمنٹ کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن کے اجراء کی ہدایت کردی گئی ہے، تاکہ جلد ڈویژنل اور ضلع کی سطح پر بھرتیوں کا آغاز ہوسکے۔ 

واضح رہے کہ کابینہ کے فیصلے تحت عوام کی سہولت کے لئے ڈویژن اور ضلع کی سطح کی آسامیو ں پر بھرتی کے عمل کا آغاز کیا جارہا ہے جن کے لئے امیدوار اپنی درخواستیں بھی اپنے اپنے ضلع ہی میں دے سکیں گے اور انہیں بھرتی کے تمام عمل میں کوئٹہ نہیں آنا پڑے گا۔