کوئٹہ: کوئٹہ میں شوہر کی فائرنگ سے بیوی اور سسر سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ صبح تقریباً نو بجے تھانہ سول لائن کی حدود میں بجے شارع اقبال پر ضلع کچہری کے خارجی دروازے پر پیش آیاجہاں وحدت کالونی کے رہائشی اسد خان پانیزئی نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس میں اس کی اہلیہ ،سسر اور دیگر رشتہ دار سوار تھے۔ فائرنگ سے ملزم کی پچیس سالہ اہلیہ فریال اور سسر ارباب عبدالجبار کاسی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ گاڑی میں سوار مقتول کی اہلیہ کی خالہ فوزیہ بٹ دختر منیر خان اور پینتیس سالہ رشتہ دار آسیہ دختر قاضی فائز زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہ گیر عتیق اللہ ولد عطاء اللہ کاکڑ بھی زخمی ہوا۔ انہیں ایک گولی بائیں کان چھو کر گزری۔ فائرنگ کی آواز سنتے ہی کچہری کے قریب تعینات ٹریفک دوپولیس اہلکاروں نے ملزم کو گھیرے میں لے لیا اور انہیں ہتھیار پھینک کر خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔
ملزم نے پہلے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ٹریفک اہلکاروں نے انہیں گولی مارنے کی دھمکی دی تو اس نے ہتھیار پھینک دیئے۔ ٹریفک اہلکاروں نے ملزم کو گرفتار کرکے تھانہ سول لائن کے عملے کے حوالے کردیا۔
لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹر نے بتایا کہ زخمی ہونیوالی خاتون فوزیہ بٹ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ انہیں سر پر گولی لگی تھی۔ میڈیکل لیگو آفیسر سول ہسپتال ڈاکٹر جعفر نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی افراد کو سر چھاتی اور جسم کے مختلف حصوں میں گولیاں لگیں۔
زخمی ہونیوالی خاتون آسیہ ٹراما سینٹر میں زیر علاج ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ ڈی ایس پی آصف غفور نے بتایا کہ فریال اور اسد خان پانیزئی کی شادی 2011ء میں ہوئی تھی اور شادی کے کچھ عرصے بعد ان کے درمیان گھریلو رنجش کی بناء پر لڑائی جھگڑے ہوتے رہے ہیں۔
فریال نے اپنے شوہر سے علیحدگی کیلئے فیملی کورٹ ون میں خلع کی درخواست دائر کی تھی۔آج ملزم اسد خان نے انہیں اس وقت نشانہ بنایا جب فریال اپنے والد ، خالہ اور ایک دوسری رشتہ دار خاتون کے ہمراہ عدالت میں پیشی کے بعد واپس جا رہے تھے۔
ملزم کیخلاف قتل ، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ سے پستول کے دس سے زائد خول ملے بھی ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
کوئٹہ میں شوہر کی فائرنگ سے بیوی اور سسر سمیت تین افراد جاں بحق دو زخمی
وقتِ اشاعت : February 27 – 2019