|

وقتِ اشاعت :   March 2 – 2019

لاہور: پی ایس ایل4 میں شریک پلیئرز کو2 دن آرام کا موقع میسر آ گیا تاہم پیر سے شیخ زید اسٹیڈیم ابوظبی میں میچز ہوں گے۔

پی ایس ایل فور کے ابتدائی مرحلے میں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں 7میچز کھیلے گئے، بعد ازاں شارجہ میں 8مقابلے ہوئے،ایک بار پھر دبئی میں میدان سجا اور7میچز گزشتہ روز مکمل ہوگئے۔

دو روز آرام کے بعد اب پیر کو ابوظبی میں میچز ہوںگے،وہاں پہلے روز پشاورزلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جبکہ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مقابل ہوں گی،اگلے روز بھی2میچز کے ساتھ پی ایس ایل فورکا یواے ای میں مرحلہ مکمل ہوجائے گا،7مارچ کو کراچی میں میچ کے ساتھ پاکستان میں مقابلوں کا آغاز ہوگا۔

قبل ازیں جمعرات کو دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے زیر کرلیا،دونوں ٹیموں کے مابین پہلے گروپ میچ میں شہرقائد کی ٹیم کو 22رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس بار عماد وسیم الیون شکست کا بدلہ چکانے میں کامیاب ہوگئی۔

کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، عماد وسیم نے گوہر علی (4) کو آؤٹ کیا، فخر زمان(18) اورحارث سہیل ( 20) افتخار احمد کا شکار بنے،کورے اینڈرسن (22) کو عمر خان نے اسٹمپڈ کرا دیا، اے بی ڈی ویلیئرز 31 رنز بنانے کے بعد محمد عامر کی وکٹ بن گئے،سہیل اختر نے مشکل وقت میں 29 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور5 وکٹ پر133 رنز تک پہنچایا۔

جواب میں کراچی کنگز کے کولن منرو( 15) سندیپ لامی چینے کا شکار بنے،اسپنر نے بابر اعظم(11) کو بھی بولڈ کردیا، لیام لیونگ اسٹون اور کولن انگرام نے 50 رنز کی شراکت سے دباؤ کم کیا،کولن انگرام( 12) کی بیلز حارث سہیل نے بکھریں تو یاسر شاہ نے لیونگ اسٹون (38) کو پویلین کی راہ دکھا دی،محمد رضوان(2) ڈیوڈ ویز کی وکٹ بن گئے، اس موقع پر افتخار احمد ڈٹ گئے اور عماد وسیم کے ہمراہ فتح کا مشن مکمل کیا،کراچی کنگز نے ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا، افتخار33 اور عماد 19پر ناقابل شکست رہے۔