کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایف سی کی گاڑیوں پر حملہ کرنے والے تین ملزمان کو جوابی کارروائی میں ہلاک کردیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق پنجگور کے علاقے تسپ میں فرنٹیئر کور کی گاڑیاں معمول کے گشت میں مصروف تھی کہ اس دوران نامعلوم حملہ آوروں نے حملہ کردیا اور چھوٹے ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی۔ ایف سی اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی۔ اس دوران ملزمان تین موٹر سائیکلیں چھوڑ کر اپنے ٹھکانوں میں چھپ گئے۔ حملے کی اطلاع پنجگور ایف سی ہیڈ کوارٹر کو ملنے پر ایف سی کی اضافی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچی جس کے بعد ایف سی نے ملزمان کا تعاقب کرتے ہوئے گھیراؤ کیا۔ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں تین حملہ آور ہلاک ہوگئے جن کی لاشیں ایف سی نے تحویل میں لے لی۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ایف سی کی کارروائی میں متعدد حملہ آور زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں جنہیں ان کے ساتھی اپنے ساتھ لے گئے۔ دوسری جانب ایف سی ذرائع کے مطابق ملزمان میں ایک کی شناخت عابد کے نام سے ہوئی ہے ۔ جبکہ ایف سی نے کارروائی کے دوران تین ملزمان اسد ولد مولا بخش سکنہ چتکان،قادر بخش ولد بخشیا سکنہ قلم چوک اورخیر جان ولد الٰہی بخش سکنہ چتکان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان سے دورائفل، ایک سب مشین گن، ایک دستی بم ، میگزین، راؤنڈز اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔