لاہور: تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے کہا ہے نواز شریف کا علاج اگر بیرون ملک ہی ممکن ہوا تو حکومت رکاوٹ نہیں بنے گی۔
لاہور سفاری زو میں گرین پاکستان پروگرام کے تحت پودے لگائے جانے کی تقریب کے دوران جہانگیر ترین نے کہا کہ کلثوم نواز کی وفات کا افسوس ہے لیکن یہ اللہ کی مرضی ہے، نوازشریف کو پاکستان میں علاج کروالینا چاہیے، اب تو انہیں کارڈیک یونٹ بھی مہیا کردیا ہے۔ نوازشریف کا علاج اگر لندن میں ہی ممکن ہے تو اس پرسوچا جاسکتا ہے، نوازشریف کی ضمانت کا فیصلہ عدالت کو کرنا ہے، ہم رکاوٹ نہیں بنیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کی نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے جہانگیر ترین نے کہا کہ بلاول بھٹو نے خود کہا ہے کہ وہ نواز شریف سے ذاتی طور پر ملنے جارہے ہیں، کوئی سیاسی گٹھ جوڑ نہیں بن رہا ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات صمصام بخاری نے خواتین کے عالمی دن پر نکالے گئے جلوس سے متعلق سوال پر کہا کہ اس مارچ میں کچھ پلے کارڈز پر ایسی تحریریں درج تھیں جو ہماری معاشرتی اقدار سے ہم آہنگ نہیں ہیں تاہم اس حوالے سے کسی پر قدغن نہیں لگائی جاسکتی۔